جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ امت مسلمہ کے لئے اہم وقت ہے، میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر آزمائش ٹوٹ پڑی ہے۔
سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا ہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر آزمائش ٹوٹ پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5سال قبل میں نے اس بارے متوجہ کیا تھا کسی نے نوٹس نہ لیا،سینیٹر طلحہ محمود کا وائس میسج ملا ، جو طلحہ محمود نے بتایا وہ زبان سے ادا نہیں کیا جا سکتا۔
مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے، دیہات جلا دئیے گئے، خواتین اور بچوں کو درختوں سے لٹکایا گیا،اعضا کاٹے گئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس طرح انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے ناقابل بیان ہے، امریکا اور یورپ ایک واقعے پر آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو ایک واقعہ پر دہشت گرد قرار دے دیا جاتا ہے، اتنی سفاکی اور بربریت پر دنیا خاموش ہے۔