• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانگھڑ : پیاز اور ٹماٹر سمیت اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

سانگھڑ (نامہ نگار ) خوردو نوش اور عام اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عوام پریشان ہو گئے اور عام آدمی کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جارہاہے سانگھڑ میں  پیاز جیسی ضرورت کی اہم شہ انمول ہوجانے کے بعد ٹماٹر کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ اور عام سبزیوں کی قیمت میں دس سے بیس فی صد اضافے سے غریب اور متوسط طبقے کے عوام سخت پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

اس وقت سانگھڑ اور ضلع کے 20 سے زائد چھوٹے بڑے شہروں میں پیاز ایک سو سے ایک سو پچاس روپے، ٹماٹر اسی روپے سے ایک سو روپے کلو میں فروخت ہورہے ہیں انتظامیہ کی جانب سے عام اشیاء کی خرید وفروخت پر معمول کی نگرانی نہ ہونے کے باعث دکانداروں نے دیگر اشیاء اور سبزیوں کی قیمت میں بھی پانچ سے بیس فیصد تک اضافہ کردیا ہے۔ سماجی رہنما عامر راجپوت کا کہنا ہے کہ پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ طلب اور رسد کے فرق کےباعث ہوا ہے لیکن یہ اضافہ بھی اصل میں اس قدر زیادہ نہیں ہے جس قدر زیادہ قیمت پر یہ اشیاء فروخت کی جارہی ہیں ضلعی اور مقامی انتظامیہ پیاز اور ٹماٹر کی ہول سیل خرید اور مارکیٹ میں رٹیل فروخت کا جائزہ لے اور چیکنگ کرے تو ان دونوں اشیاء کی مارکیٹ قیمتوں میں آج بھی بیس فی صد کمی لائی جاسکتی ہے جبکہ صرف قیمتوں کی چیکنگ کے باعث دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی پانچ سے بیس فی صد تک ناجائز اضافہ نیچے لایا جاسکتا ہے۔

انسانی حقوق سے متعلق تنظیم کے عہدیدار جاوید انصاری نے کہا کہ پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث عام لوگوں نے ہر سالن کی لازمی ضرورت ان دونوں اشیاء کا استعمال انتہائی کم کردیا ہے جس سے سالن اپنا ذائقہ کھو بیٹھے ہیں اور یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ انتظامیہ جو عام حالات میں بھی اشیاء کی قیمتوں کی جانچ پڑتال کرتی رہتی ہے اب خاص حالات میں کیوں لاتعلق ہوچکی ہے یہی صورتحال دیگر کی اشیاء کی بھی ہے جن میں چینی سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے سماجی کارکن ظاہر شاہ نے مطالبہ کیا ہےکہ ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ضلع بھر میں مختیارکار اسسٹنٹ کمشنرز پرائس کنٹرول کمیٹی کے ارکان اور دیگر ذمہ داروں کو متحرک کریں تاکہ قلت کے علاوہ اشیاء کی قیمتوں میں جو مصنوعی اور ناجائز اضافہ ہورہا ہے کم از کم اسکی روک تھام کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر فوری گرفت نہ کی گئی تو شدید احتجاج کیا جائے گا۔

تازہ ترین