• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ، ورکنگ بائونڈری پر بھارتی گولہ باری،2افراد شہید ، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی ،شدید احتجاج

Todays Print

راولپنڈی، اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سیالکوٹ میں بھارتی فوج کی ورکنگ باؤنڈری کے بجوات سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 2افراد شہید اور3زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے،گزشتہ رات بھارتی فورسزکی جانب سے بجوات سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری کی گئی ،جس کے نتیجے میں گاؤں دیاروالی کا 45سالہ ظہورالہی اور کاھلیاں کی 60سالہ ریشماں بی بی شہید ہوئے، جبکہ گاؤں ککراں کی سفرین بی بی، میراسلم اورغلام عباس شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ منتقل کر دیاگیا۔

بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں متعدد مویشی بھی زخمی ہوئے، پنجاب رینجرز کے منہ توڑ جواب سے دشمن کی توپیں خاموش ہو گئیں، دریں اثنا پاکستان  نےجمعرات کو بھارت کی جانب سے ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول پرجنگ بندی کی خلاف ورزی پرپاکستان میں تعینات بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرجے پی سنگھ کودفتر خارجہ طلب کیا اوران سے بھارتی فوج کی حالیہ اشتعال انگیزی پرشدید احتجاج کیا.

پاکستانی حکام نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کے حوالے احتجاجی مراسلہ بھی کیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روزبجوات،پھکلیان سیکٹرپربھارتی افواج نے فائرنگ اورگولہ باری کی، بھارت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پرجنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔

تازہ ترین