پشاور(خبرنگار)واٹر اینڈسینی ٹیشن سروسزکمپنی مردان (ڈبلیوایس ایس سی ایم)نےاپنی نوماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کردی ،رپورٹ چیف ایگزیکٹو ناصر غفورنے پشاورپریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران پیش کی ،انہوں نے کہاکہ کمپنی نے 9ماہ کے دوران 46یونین کونسلوں سے 23900ٹن کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگایا جبکہ 20فیصد گوسٹ ملا زمین کو بورڈ کے فیصلے کے بعد فارغ کیا جا چکا ہے انہوں نے کہا کہ عیدالاضحٰی میں کمپنی کے 600سے زائد اہلکاروں نے 1480ٹن گند گی و الائشوں کو لگایا اسی طرح 80.5کلومیٹر پر محیط نالیوں کی صفائی کی جاچکی ہے ۔ انہوں نےکہا کمپنی روزانہ120ٹن تک گنداُٹھاتی ہے جبکہ نظام کومزید بنانے کیلئے زماپاک مردان کے نام سے ایک منصوبہ بھی شروع کررکھاہے۔انہوں نے کہاکہ کمپنی کو بیشترگاڑیاں خراب حالت میں ملیں جبکہ ملازمین کی کمی کا بھی سامناتھا ، اسکے باوجود بہتر انداز میں کام کو چلایا، انہوں نے کہاکہ اس وقت کمپنی کے پاس 22ٹیوب ویل اور 8اوورہیڈواٹرٹینک ہیں جہا ں سے 46یونین کونسلوں کے 4583رجسٹرڈ صارفین کو پینے کا صاف پانی فراہم کیاجارہا ہے اس کے علاوہ یونین کونسلوں کے مختلف علاقوں میں مچھرمار سپرے بھی کیاجاچکا ہے ، کمپنی کو چلانے کیلئے عوامی نمائندوں کی خدمات بھی حاصل ہیں انہوں نے کہاکہ کمپنی کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہے،انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ مخصوص بجٹ اور کم سٹاف کے باوجود بھی عوام کی خدمت جاری رکھیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دیگر محکموں کی طرح کمپنی کو بھی ایک ارب روپے کے فنڈزجاری کرے۔