لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سلطنت شریفیہ کا شو ختم سپریم کورٹ کے فیصلے کرپشن کے خاتمہ کی طرف اہم پیشرفت ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس بھی منطقی انجام کو پہنچے گا، نظر ثانی درخواستوں کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد شریف خاندان احتساب عدالت میں پیش ہو۔بدعنوانوں کے ساتھ وہی سلوک ہونا چاہیے ایسے کیسز میں جو دیگر عام شہریوں کیساتھ ہوتا ہے۔شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک ہونے کا انتظار کر رہے ہیں،وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے سینئر راہنماؤں کے ایک اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ظالم نظام اور سلطنت شریفیہ کے ظلم کا براہ راست سامنا کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی میں اکثریتی جماعت نے ایک متفقہ نااہل شخص کے حق میں قرار داد پاس کر کے توہین آئین کی،اس کا مواخذہ ہونا چاہیے اور سپیکر پنجاب اسمبلی کو قرار داد کی منظوری کی پوری غیر قانونی کارروائی کو حذف کر نا چاہیے۔