• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف سازشی شخص ،اپوزیشن میں بیٹھنا نہیں جانتے، اعتزاز احسن

بہاولنگر( نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف سازشی شخص ہیں ، انہوں نے ہمیشہ سازشوں کے ذریعے دوسروں کو نکلوایا ،وہ اپوزیشن میں بیٹھنا جانتے ہی نہیں ۔ مسلم لیگ ن میں پھوٹ پڑ چکی، حلقہ 120 کے نتائج سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ نواز شریف سزا سے نہیں بچ سکیں گے ۔بہاولنگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف نے 1988 میں ضیا الحق کے ساتھ ملکر محمدخاں جونیجو کے خلاف سازش کی اور انہیں اقتدار سے نکلوایا، پھرغلام اسحق خان اور فوج کے ساتھ ملکر بے نظیر بھٹو کی حکومت ختم کروائی ۔

نواز شریف مشرف کے ساتھ معاہدہ کرکے جدہ کے سرور محل چلے گئے اور واپس آکر پی پی پی کے ساتھ کیے گئے میثاق جمہوریت کی خلاف ورزی کی اور سازش کرکے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو وزارت عظمی سے فارغ کروایا ۔اب جب خود کو وزارت عظمیٰ چھوڑنی پڑی ہے تو میاں صاحب کہتے ہیں کہ یوسف رضا گیلانی کو نہیں نکالنا چاہیے تھا۔  بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے ساتھ  نرم رویہ رکھا لیکن ان کی GB بریگیڈ عدلیہ کے پیچھےہاتھ دھوکر پڑی ہوئی ہے ، یہی باتیں اگر پی پی پی کے لیڈر کرتے تو انہیں عدالتوں میں گھسیٹا جاتا اور معافی نامے لکھوائے جاتے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن  لاہور سے بسوں میں بھرکر لوگوں کو راولپنڈی لائی ، وہاں آلو قیمے کے پراٹھے کھلائے گئے اور پھر چیف جسٹس کے دفترپر حملہ کروایا گیا ۔ لیکن ان کو پھربھی کچھ نہیں کہا گیا بلکہ تیسرے درجے کے کچھ لیڈروں کو سزائیں دی گئیں ۔ نواز شریف گروپ نے عدلیہ پر دبائو ڈال کربے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کو پانچ پانچ سال کی سزائیں دلوائیں ۔ بے  نظیر بھٹو کو اقتدار اور اپوزیشن دونوں حالتوں میں سزائیں دلوائی گئیں لیکن مسلم لیگ ن کے لیے معیار مختلف رکھے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی برطرفی پر عدالت نے کہا کہ کرپشن پر حکومت برخاست نہیں کی جاسکتی لیکن بے نظیر بھٹو شہید کو جب کرپشن کے چارجز پر برطرف کیا گیا تو اسے جائز قراردے دیا گیا ۔

بیرسٹراعتزاز احسن نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں پھوٹ پڑ چکی جس کی واضع مثال یہ ہے کہ شہباز شریف کو این اے 120 سے الیکشن لڑوانے اور وزیراعظم بنانے کا اعلان کرنے کے بعد ان کے پائوں تلے سے دری کھینچ لی گئی ۔ این اے 120 کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حلقہ پچھلے 30سال سے میاں صاحبان کے زیراثر ہے اور اس میں سے 28سال  مسلم لیگ ن کسی نہ کسی صورت میں  برسراقتدار رہی ہے لیکن انہوں نے وہاں کوئی کام نہیں کیا ۔ لیکن انہیں ایک  برتری حاصل ہے اور وہ یہ ہے کہ میاں برادران نے اس حلقے کے ہر گلی کوچے میں دس دس بیس بیس ملازمتیں دی ہوئیں ہیں جو انکا پلس پوائنٹ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حلقہ 120 کے نتائج سے کوئی فرق نہیں پڑتا  اگر ن لیگ جیت بھی گئی پھر بھی نواز شریف سزا سے نہیں بچ سکیں گے ۔

پریس کانفرنس سے قبل اعتزاز احسن اپنے آبائی موضع بہاول بخش ملک پور ہ سے بلال منظور لالیکا کی رہائش گاہ پہنچے تو پیپلزپارٹی کے مقامی عہدیداران اور کارکنوں  نے انکا استقبال کیا ۔اس موقعہ پر سابق ممبرصوبائی اسمبلی ثمینہ نوید ،  ملک سلیم، اشرف بھٹی ،  عبدالعزیز خان ، ملک رستم ،   امجد مجید ،  محمودرضا واسطی ، علی حسین سید،بلال منظور لالیکا  ارسلان خالد رانا  سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔

تازہ ترین