• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد علی شاہ بھی شاہین کمپلیکس فلائی اوور کی تعمیر کا آغاز تاحال نہ کراسکے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کو میگا پروجیکٹ کے تحت چند ماہ میں18ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے دینے والے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی شہید بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب شاہین کمپلیکس فلائی اوور کی تعمیر کا آغاز نہیں کرا سکے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کے دور میں محکمہ بلدیات سندھ نے آئی آئی چندریگر روڈ پر شاہین کمپلیکس فلائی اوور منصوبے کی تعمیر کا اعلان کیا تھا 16 ستمبر 2013 کو اس وقت کے وزیر بلدیات اویس مظفر ہاشمی نے وزیراعلیٰ ہاوس میں منعقدہ ایک تقریب میں فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور فلائی اوور کو پارٹی کی شہید قائد بینظیر بھٹو کے نام سے منسوب کیا تھا 536 ملین کی لاگت سے شہید بینظیر بھٹو فلائی اوورکو 8 ماہ میں تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم 4 سال گزر جانے کے باوجود عملی طور پر فلائی اوور کے کام کا آغاز ہی نہیں ہوسکا ۔

مذکورہ منصوبے کےساتھ ہی شاہراہ فیصل پر مہران انڈر پاس منصوبے کا بھی اعلان کیا گیا تھا جو کہ بروقت مکمل کرلیا گیا۔ موجودہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ خود انجینئر ہیں اور کراچی میں ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ بھی دے رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے ماہر انجینئرز پر مشتمل ایک ٹیم کے زریعے شہر میں بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے پایا تکمیل تک پہنچ بھی رہے ہیں تاہم اپنی پارٹی کی شہید قائد کے نام سے منسوب فلائی اوور کی تعمیر کا 4 سال بعد بھی آغاز کرانے میں ناکامی شہریوں کے لیے باعث حیرت ہے۔

تازہ ترین