کمالیہ (ایجنسیاں) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف اتنے ہی بہادرہیں توپاکستان آکر انصاف کا سامنا کریں ‘ہمارے عدالت جانے پر ان کو الزامات یاد آگئے‘مرتضیٰ بھٹوکا قتل بے نظیر حکومت گرانے کی سازش تھی ‘مشرف کو کمردردہے مگرڈسکو بھی ہورہاہے ‘نواز شریف کوکہاتھا4سال بعدحساب لوں گا‘اسحاق ڈارملک چھوڑکر فرار ہوچکے ‘ن لیگ اورپیپلزپارٹی ایک ساتھ چلنا ممکن نہیں‘سینیٹ میں انتخابی اصلاحات بل کی منظوری میں حکومت کا ساتھ نہیں دیا‘ایم کیوایم نے ہمارے بل کا ساتھ نہیں دیا‘شاید ان کو کہیں اوراسے چمک نظرآئی ہے ‘ کے پی کے میں صرف ایک پل بنا ہے کوئی ترقیاتی کام نظر نہیں آیا‘ عمران خان کو کرکٹ ٹیم کا کوچ بنتے دیکھ رہاہوں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کو کمالیہ میں قمرزمان کائرہ کے ساتھ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناء بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے کہا ہے کہ شرم کرو مشرف ، متاثرہ خاندان پر الزام لگاتے ہو، قاتل تم ہو۔ بختاوربھٹوزرداری نے بھی مشرف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاہے کہ مشرف ٹاک شوزچھوڑکر عدا لتوں کا سامنا کریں‘مشرف بزدلوں کی طرح ملک سے بھاگ گئے اور اب گالف کورسز میں مصروف ہیں، وہ پاکستان آئیں اور اصل عدالتوں کا سامنا کریں۔کمالیہ میں میں میڈیا سے گفتگو کے دوران آصف علی زرداری نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جانب سے بینظیر بھٹو قتل کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ (مشرف) اتنے ہی بہادرہیں تو پاکستان آئیں اور عدالتوں میں پیش ہوں، انہوں نے کہا کہ ہم نے مشرف کیخلاف عدالت میں درخواست دائر کی توان کو الزامات یاد آگئے ،انہوں نے کہا کہ اگر مشرف کی کمر میں اتنی ہی تکلیف ہے تو ڈسکو کیسے کررہے ہیں؟ ۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ مرتضیٰ بھٹو کے قتل کے وقت بھی مجھ پر اور بی بی شہید پر الزام لگایا گیا تھا، انہوں نے کہا کہ ماضی کی سیاست اس طرح کے الزامات سے بھری ہوئی ہے، بینظیر بھٹو نے بھی کہا تھا کہ ایک بھٹوکو قتل، دوسرے بھٹو کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں، سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف پر شدید تنقید کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ چار سال تک انہیں حکومت کرنے دونگا اور پھر ان سے پوچھوں گا اب چار سال گزر گئے ہیں ہم ان سے پوچھ رہے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ ڈار صاحب زخمی پاکستان کو چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں اب وہ فرار ہیں، انہوں نے کہا کہ تاریخ نے ثابت کردیا ہے کہ ان کو نہ حکومت کرنا آتی ہے اور نہ یہ حکومت سنبھال سکتے ہیں،روڈ بنالینے سے تو کچھ نہیں ہوتا روڈ بنانے کا قرضہ کیسے واپس دیا جائے گا‘ انہوں نے کہا کہ یہ کہیں گے ہمیں نکالا گیا جس کی وجہ سے معیشت کمزور ہوئی حالانکہ ہمارے دور میں بھی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو گھر بھیج دیا گیا تھا، ہم نے تو نہیں کہا کہ اس سے معیشت کمزور ہوگی.
انہوں نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ پچھلا الیکشن آر اوز کا الیکشن تھا اس وقت ہم کہیں ہارے ہونگے اور کہیں جیت رہے تھے لیکن ایک رکن اسمبلی کو ایک لاکھ چالیس ہزار تک ووٹ ڈلے اور یہ ہو نہیں سکتا، این اے 120 کے حوالے سے سوال پر آصف علی زرداری نے کہا کہ این اے 120 کا ضمنی انتخاب کوئی پیرا میٹر نہیں ، این اے 120میں انہوں نے ایک ماہ میں اربوں روپے خرچ کئے، نوابشاہ سے میری بہن نے ایک لاکھ سے زائد ووٹ لئے آپ ان کو وہاں بھجوا دیں تو دیکھتے ہیں کہ کتنے ووٹ ملتے ہیں، انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ نیا پاکستان بنا رہے ہیں نیا خیبر پختو نخوا تو نظر نہیں آرہا،ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اکٹھے کیسے ہوسکتے ہیں یہ ممکن ہی نہیں، آصف زرداری نے سینیٹ میں انتخابی اصلاحات کا بل منظور کرانے میں (ن)لیگ کا ساتھ دینے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس میں ن لیگ کا ساتھ نہیں دیا،پیپلز پارٹی کی ترمیم مسترد ہوئی ہے،ایم کیو ایم نے ہمارے بل کو سپورٹ نہیں کیا، شاید انھیں کہیں اور چمک نظر آ گئی ہو گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پرویز مشرف گھٹیا قسم کی الزام تراشی کررہے ہیں جس کی ہم شدید مذمت اور تردید کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم مشرف کیخلاف جب عدالت میں گئے تو ان کو الزامات یاد آگئے۔