• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ :جنیوا میں فری بلوچستان مہم کے خلاف تحریک انصاف کا مظاہرہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کےصوبائی صدر سردار یار محمد رند کی ہدایات پر اتوار کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جنیوا میں فری بلوچستان مہم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،اس موقع پر مظاہرئے کے شرکا نے بینر ،پلے کارڈ اور پارٹی کے جھنڈئے اٹھا رکھے تھے اور سوئس حکومت و مہم کے خلاف نعرئے بازی کررہے تھے،مظاہرئے سے پارٹی کے رہنماوں نوابزادہ شریف جوگیزئی،سردار خادم حسین وردگ،لالہ خدائے نور خان،قاسم خان سوری،عبدالباری بڑیچ،میر تاج محمد رند،ملک منیر کاکڑ،بسم اللہ آغا،بابر یوسفزئی نے خطاب کیا،مقررین نے جنیوا میں پاکستان مخالف مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے خلاف کوئی سازش برداشت نہیں کی جائے گی،بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور بلوچستان کے عوام پاکستان کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنادیں گے،بلوچستان کے عوام محب وطن ہونے کے ساتھ متحد ہیں اور تمام سیاسی جماعتیں بھی سیاسی اختلافات کے باوجود اس مسلے پر متحد ہیں،سوئس حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف مہم میں چند لوگ شامل ہیں لیکن سوئس حکومت کی جانب سے ان کی حمایت نہ صرف افسوس ناک بلکہ قابل مذمت اور ناقابل برداشت بھی ہے،ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ پاکستان مخالف مہم کے پیچھے کون ملوث ہے لیکن افسوس کہ ہمارئے حکمرانوں نے اس مسلے پر خاموشی اختیار کررکھی ہے،وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اتنے اہم مسلے پر حکومت کی جانب سے صرف مذمت ناکافی ہے فوری طور پر سوئٹزر لینڈ کے سفیر کو دفتر خارجہ بلاکر سخت احتجاج کے ساتھ بطور احتجاج سوئٹزرلینڈ سے اپنے سفیر کو چند دن کے لئے واپس بلایا جائےبلکہ سوٹزر لینڈ سے سفارتی تعلقات فوری طور پر ختم کیئے جائیں،انہوں نے کہا کہ سوئٹزر لینڈ جہاں دنیا بھر کے ساتھ پاکستان کے کرپٹ عناصر کے بینک اکاونٹ ہیں وہ ملک جو کرپٹ عناصر کی ملک سے لوٹی گئی دولت پر چلتا ہے اس کی جانب سے پاکستان مخالف تحریک کو سپورٹ کرنا ناقابل برداشت ہے،پی ٹی آئی برسر اقتدار آکر وہاں سے ملک کی لوٹی گئی دولت واپس لائے گی، مقررین نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے جس پر پوری دنیا کی نظریں لگی ہوئی ہیں،ایسے موقع پر حکمرانوں کو دلیرانہ موقف اپنانا چاہیے،پوری قوم ملک کی بقا اور سالمیت کے لئے متحد ہے اور ملک کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
تازہ ترین