• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’خلافت آرہی ہے‘‘ داعش اسلام آباد پہنچ گئی، ہائی وے پرجھنڈا لہرادیا

Todays Print

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ،ایجنسیاں)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی دہشتگرد کالعدم تنظیم داعش کا پرچم لہرا دیا گیا۔

جھنڈے پرکلمہ طیبہ لکھاگیاہے اور’’خلافت آرہی ہے‘‘ کے نعرے درج تھے،تھانہ کھنہ کے علاقے میں ایف آئی اے کے ریجنل ہیڈکوارٹر کے قریب نامعلوم افراد نے اسلام آبادمیں داعش کی موجودگی کااعلان کردیا۔

پولیس سمیت قانو ن نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سوتے رہے ، ایس ایچ او تھانہ کھنہ ستار شاہ کا کہنا ہے کہ کھنہ پولیس مصروف تفتیش ہے ،ہمارے علاقے میں ابھی تک داعش کے کسی کارندے کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

وزیر داخلہ احسن اقبال نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔اسلام آبادمیں تھانہ کھنہ کے علاقہ میں پولیس سوئی رہی اور نامعلوم شخص اسلام آبادایکسپریس وے پر داعش کا جھنڈا آویزاں کرگیا۔

عام شہری کی جانب سے اطلاع ملنے پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، پولیس نے موقع پر پہنچ کر جھنڈا اتارا اور اطلاع دینے والے شخص کو ہی اپنے ساتھ لے گئی، اطلاع دینے والے ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی نوید نے اپنے بیان میں پولیس کو بتایا کہ میں اپنے ذاتی کام سے جارہا تھا تو مجھے یہ جھنڈا نظر آیا، ٹی وی پر یہ جھنڈا دیکھا تھا جس وجہ سے میں داعش کے جھنڈے سے متعلق جانتا تھا، داعش کے جھنڈے کو دیکھنے کے بعد اس نے پولیس کو اطلاع دی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جھنڈے لگانے سے متعلق تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزارت داخلہ میں کھلبلی مچ گئی ، وزارت حکام نے فوری طور پر وزیر داخلہ احسن اقبال کو بذریعہ فون اطلاع دی جس پر وزیر داخلہ نے حساس اداروں اور پولیس کو فوری کارروائی کرنے کا حکم دیا جبکہ آئی جی اسلام آباد معاملے کی جلد از جلد تحقیقات کر کے تفصیلی رپورٹ وزارت داخلہ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین