کوئٹہ (نمائندہ جنگ)کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں اسکو ل بس کے قریب ریمو ٹ کنٹرول بم دھماکہ ہواجس سے بس کو نقصان پہنچا،خوش قسمتی سے بس میں موجود 100بچے محفوظ رہےجبکہ ڈرائیور معمولی زخمی ہو گیا،لیویز کے مطابق منگل کی صبح سورینج کے قریب پی ایم ڈی سی کی اسکول بس 100کے قریب بچوں کو لے کر کوئٹہ آرہی تھی کہ سڑک کنارے نصب ریموٹ کنڑول بم زوردار دھما کے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں بس کے شیشے ٹوٹ گئے اورڈرائیور معمولی زخمی ہو گیا،تا ہم بس میں موجود بچے محفوظ رہے ،واقعہ کے بعد ایف سی اور لیویز نے علاقے کو گھیر ے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے،درایں اثناءوزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے پی ایم ڈی سی کی بس کے قریب بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے فوری طور پر آئی جی پولیس اور کمشنر کوئٹہ سے رابطہ کرکے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہی حاصل کی اور بم دھماکے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔