سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری سے ملحقہ دیہاتوں میں بھارتی سکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے ہونے والے جانی نقصان کو کم از کم کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے 50حفاظتی بنکرز بنانے کے لئے ابتدائی کام کا آغاز کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں سیالکوٹ ورکنگ باونڈری کے تمام سیکٹرز پر بھارتی سیکورٹی فورسزکی جانب سے کی جانے والی گولہ باری کا شکار ہو کر تقریبا10 نہتے شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جبکہ لاکھو ں روپے مالیت کے جانور ہلاک اورمکانات تباہ ہو چکے تھے جس کے بعد وزیر داخلہ احسن اقبال نے سیالکوٹ ورکنگ باونڈری لائن کے دورہ کے دوران 50حفاظتی بنکرز بنانے کا عندیہ دیا تھا۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز سمیت دیگر بھی انتظامی افسران بھی موجود تھے۔