• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین: کاتالونیا ریفرنڈم کے لیے پولنگ، جھڑپیں جاری

اسپین کے صوبہ کاتالونیا کی آزادی کے لئے ہونے والے ریفرنڈم میں کاتالان قوم پرست آج اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔

ا سپین کی وفاقی حکومت اور آئینی عدالت کی جانب سے اس ریفرنڈم کو کالعدم قرار دیا جا چکا ہے لیکن کاتالونیا کی صوبائی حکومت نے ریفرنڈم کے ذریعے صوبہ کاتالونیا کو اسپین سے علیحدہ ملک بنانے کے لئے ریفرنڈم کرانے کا جو اعلان کیا تھا اُس کے تحت آج پولنگ ہو رہی ہے ۔

اس پولنگ کو روکنے کے لئے وفاقی حکومت نے رینجرز اور نیشنل پولیس کے ہزاروں دستے کاتالونیا کے دارلحکومت بارسلونا اور اس کے گردو نواح میں تعینات کر دیئے ہیں تا کہ ریفرنڈم کے نام پر ووٹ کاسٹ نہ کرنے دیا جائے ، آج صبح9 بجے شروع ہونے والی پولنگ رات 8بجے تک جاری رہے گی ۔

کاتالونیا حکومت کی طرف سے بارسلونا کے 1300 اسکولوں کو پولنگ اسٹیشن بنایا گیا ہے لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے اسکولوں کی متوقع بندش کے پیش نظر کاتالان قوم پرست گزشتہ رات سے ہی اسکولوں ، کالجز اور یونیورسٹیز میں قبضہ کئے بیٹھے ہیں تاکہ وہ ووٹ کاسٹ کر سکیں ۔

کُل 2315پولنگ اسٹیشن اور 6299پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جہاں 7235سماجی کارکن اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ بارسلونا کے مختلف مقامات پر پولیس اور کاتالان قوم پرستوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں جن میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔

کاتالونیا جنرلیتات کے صدر ’’ کارلس پوئڈیمونٹ ‘‘ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ویسے تو ہم کاتالونیا کی اسپین سے علیحدگی کا ریفرنڈم جیت چکے ہیں، اب تو صرف آزادی کا اعلان کرنا باقی ہے ۔

کاتالونیا کے سیاسی اکابرین نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ تین سو سال بعد ہمیں موقع ملا ہے کہ ہم کاتالونیا کو اسپین سے علیحدہ کر سکیں، ہم یہ موقع ضائع نہیں کریں گے اور اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے ، پولیس ، فوج یا رینجرز ہمیں کسی قسم کی طاقت سے اس حق سے نہیں روک سکتیں ۔

بارسلونا ایئر پورٹ اور ایمرجنسی کے علاوہ فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں ، کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ہیلی کاپٹرز مسلسل پرواز کر رہے ہیں ، ایمبولینسز اور پولیس کی بھاری نفری حساس علاقوں میں تعینات ہے ۔

کاتالونیا ریفرنڈم کے حق میں اسپین کے دوسرے شہروں کے ساتھ ساتھ دارالحکومت میڈرڈ میں بھی بہت بڑا مظاہرہ ہوا ہے، بارسلونا میں وقفے وقفے سے بارش بھی ہو رہی ہے، اس کے باوجود پولنگ اسٹیشنوں میں عوام کا رش ہے ۔

تازہ ترین