• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Bihar Slogans Of Pakistan During Muharrams Feud

بھارت میں محرم کے جلوس کے دوران نوجوانوں نے پاکستان اور پی سی بی کے لوگو والی سبز رنگ کی ٹی شرٹس پہن کر پاکستان کے حق میں نعرے لگائے جس پر ان کے خلاف بغاوت اورسماج مخالف الزامات کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار میں پیش آیا۔ پٹنہ سے دو سو کلومیٹر کی دوری پر نیپا ل سرحد کے قریب واقع یوگپاٹی شہر میں محرم کے جلوس کے دوران پاکستان نواز نعرے بلند کیے گئے۔

پاکستان کے حق میں نعرے بلند کرنے اور سبز رنگ کی ٹی شرٹس پہننے پر 21افرادکے خلاف بغاوت اور سامراجی ہم آہنگی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا گیا۔

اخبار کے مطابق محرم کے جلوس کے دوران نوجوانوں نے سبز رنگ کی ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں جن پر پاکستان اور پی سی بی( پاکستان کرکٹ بورڈ) تحریر تھا اور وہ پاکستان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر لیا ۔

پولیس نے کچھ گھروں پر چھاپے مارے اور پاکستانی کرکٹرز کی طرح کی ٹی شرٹس برآمد کی تاہم جن پر بغاوت کے مقدمات درج کیے گئے وہ سب فرار ہیں۔

یوگپاٹی کے پولیس اسٹیشن کے افسر ویوک کمار جیسول نے بتایا کہ 21 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے جن میں نذیر، آفتاب، سرفراز، سلمان، ازہر، گوہر، اعجاز، عمران، سلال الدین اور نصیر الدین اور دیگر کونامزد کیا گیا ہے۔

ایس پی ونے کمار کا کہنا تھاہمیں ایسی شکایات ملی ہیں اور حقائق جاننے کی کوشش کررہے ہیں، اگر یہ الزام درست ہوئے تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں گے۔

ایس پی نے مزید کہا کہ ہم محرم کے جلوس کی تصاویر اور ویڈیوز کو دیکھنے کے بعد اس کیس میں آگے بڑھیں گے۔

تازہ ترین