عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے الیکشن بل 2017 کی منظوری کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر پارٹی صدر بنانے کے لئے مسلم لیگ (ن) نے انتخابی اصلاحات بل میں ترمیم کرکے اسے سینیٹ اور پھر قومی اسمبلی سے منظور کرایا جس کے تحت میاں نوازشریف ایک بار پھر پارٹی صدر بن گئے ہیں۔
انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 کو پاکستان عوامی تحریک اور جماعت اسلامی پہلے ہی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرچکے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی الیکشن بل 2017 کی منظوری کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جس میں مؤقف اپنایا گیا ہےکہ نااہل شخص کے لیے قانون میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپنے وکلا کے ذریعے آئین سے شق نکالنے کے خلاف پٹیشن دائر کی ہے، جسے سپریم کورٹ کے 5 ججوں نے نااہل قرار دیا اس کو اہل بنانے کی کوشش کی گئی، بنیادی بات یہ ہے کہ کوئی نااہل شخص کسی جماعت کا سربراہ نہ ہو۔
شیخ رشید نے کہا کہ چور اور ڈاکوؤں کا ساتھی ڈاکو ہوتا ہے، ان کو پارٹی میں کوئی بھی قابل بندہ نظرہی نہیں آتا، تاریخ میں ایسی نظیر نہیں ملتی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ترمیم کی گئی ہو لہٰذا نااہل کو اہل بنالیں تو نااہلوں کا جمعہ بازار لگ جائے گا۔