راولپنڈی (اپنےرپورٹر سے) ضلع کونسل راولپنڈی نے ٹیکس تجاویز کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت کئی ٹیکسوں میں کمی کے ساتھ ساتھ شیڈول آئٹمز ایک تا 9میں تمام چھوٹے کاروبار یونین کونسل کا دائرہ اختیار قرار دیدیا گیا ہے۔ سی این جی اور پٹرول پمپ پر لائسنس فیس 25ہزار روپے سے کم کر کے دس ہزار‘ آئل اینڈ گیس ڈپوز خطرناک سمیت ممنوعہ اشیاء کے کاروبار پر فیس 50ہزار سے کم کرکے 20ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ ضلع کونسل راولپنڈی کی طرف سے آمدنی میں اضافہ کیلئے ایڈورٹائزنگ بورڈز، نقشوں، پرمٹ، لائسنس، ٹول سمیت 114محتلف ہیڈز میں فیسوں، ٹیکسز میں اضافہ کی تجاویز مشتہر کی تھیں جن پر دس کے قریب عوامی اعتراضات داخل کئے گئے تھے جن کی سماعت 22اگست کو ہوئی۔ ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل/ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے ایک چار رکنی کمیٹی چیف آفیسر ضلع کونسل شاہد عمران مارتھ کی سربراہی میں قائم کی تھی جس میں ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس فیصل جاوید، ڈسٹرکٹ آفیسر ریگولیشنز کامران خان اور ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ مس فریحہ شامل تھے تاہم سماعت والے روز کوئی اعتراض کرنیوالا پیش نہیں ہوا جس کے باوجود کمیٹی نے ان اعتراضات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس تجاویز میں ممکنہ تبدیلیاں کرکے انکی منظوری دیدی ہے۔ قصاب، مٹھائی، دھوبی، گوالے اور دیگر 46قسم کے کاروبار کیلئے لائسنس فیس کا اختیار یونین کونسل کے پاس ہوگا۔ چیف آفیسر ضلع کونسل شاہد عمران مارتھ، ڈسٹرکٹ آفیسر ریگولیشنز کامران خان نے بتایا کہ ٹیکس پرپوزل کو حتمی شکل دینے کی ذمہ داری سینئر ٹیکس انسپکٹر ساجد نصیر کو سونپی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بڑے کاروبارز پر ٹیکس بڑھایا ہے چھوٹے کارروبار پر کم کیا گیا ہے۔ ضلع کونسل کے اختیار میں آئس فیکٹری، فلور مل، آٹا چکی، پینے کے پانی کے کارروبار، کیش اینڈ کیری ڈیپارٹمنٹل سٹورز کے ساسھ جنرل سٹورز، ٹائرز شاپس اور متعلقہ کارروبار سمیت شامل ہیں۔ اسی طرح جھولے پارک اور میلوں سمیت 15 مختلف ہیڈز کیلئے فیسوں کے ساتھ ساتھ بلڈنگ فیس اور نقشہ فیس کا بھی ازسرنو تعین کیا گیاہے۔