لاہور(خصوصی رپورٹر) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سہ روزہ علوم الحدیث کانفرنس کے تیسرے اور آخری روز چاروں صوبوں سے آئے ہوئے علماء، مشائخ ،خواتین سکالرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمن خارجیت اور فرقہ واریت پھیلا کر اسلام کے قلعہ پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کررہے ہیں۔ پاکستان اور اسلام کے بارے میں فکری مغالطے پیدا کر کے نوجوانوں کو گمراہ،حلال اور حرام، سچ اور جھوٹ، نیکی اور بدی، دیانت اور خیانت ، امن اور دہشتگردی،جہاد اور فساد کی تمیز ختم کررہے ہیں اور اہم عہدوں پر براجمان کچھ عہدیدار آلہ کار کا کردار ادا کررہے ہیں ۔جن حکمرانوں کے اثاثے کاروبار ی مفادات ،محلات بیرون ملک ہیں وہ پاکستان کے وفادار نہیں ہو سکتے ۔یہ عناصر حکومت پاکستان میں کرتے ہیں مگر ان کے ’’فکری نظریاتی ‘‘ہیڈکوارٹر بیرون ملک ہیں۔ ختم نبوت کے حلف میں تبدیلی اور کرپشن کیسز کے اندراج پر فوج اور عدلیہ کے خلاف منفی مہم منصوبہ بندی کے عین مطابق ہے ۔