پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ججوں کو دھمکایا گیا، آپ سپریم کورٹ کے اندر انتشار پیدا کرتے ہیں، حملہ کراتے ہیں۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ آپ جنرل اسلم بیگ،غلام اسحاق سے ملکر ہمارے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائے، آپ نے سجاد علی شاہ کےاورفاروق لغاری کے خلاف سازش کی، یوسف رضا گیلانی کو سازش کرکے نکلوایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے ہمارے ساتھ میثاق جمہوریت کیا، این آر او نہ ہوتا تو آپ وطن کیسے واپس آتے؟ آج آپ کہہ رہے ہیں کہ سازش ہورہی ہے، جمہوریت کے خلاف جتنی سازشیں ہوئیں، ان میں آپ شریک رہے،اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ نے کہا پیسے لیکر الیکشن میں دھاندلی کرائی گئی۔
سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جب انہیں اپنا وکیل کیا تو انہوں نے بی بی سے پوچھا،بی بی نے پارٹی لیڈرز سے مشاورت کی اور سب نے کہا کہ اس کی مدد نہ کرو،پھر بھی بی بی نےانہیں کہا کہ نوازشریف کا کیس لڑو، لیکن آپ سازش کرکے جدہ چلے گئے۔
انہوںنے مزید کہا کہ چوہدری نثار نے بھی شکوہ کیا کہ وہ انہیں چھوڑ کر جدہ چلے گئے تھے، کار چوروں، سریہ چوروں کا سنا تھا، ہوائی جہاز چوری ہونے کی مثال دنیا میں کبھی نہیں سنی تھی، جہاز کوئی جیب میں ڈال کر تو نہیں لے جا سکتا، لیکن جس دور میں یہ چوری ہوئی ہے تو یہ انہونی بات نہیں لگتی۔