• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے راولپنڈی انتظامیہ سے مدد طلب کرلی

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے ڈیفالٹرز این جی اوز کے خلاف ایکشن کیلئے ضلعی انتظامیہ راولپنڈی سے مدد طلب کرلی ہے۔تین این جی اوز تقریبا 32لاکھ روپے کی نادہندہ ہیں۔جن میں ملت اسلامیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی ٹنچ بھاٹہ،رفاہ عامہ تنظیم موضع ہون راولپنڈی اور الائیڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن موری کوٹلی ستیاں راولپنڈی شامل ہیں۔ملت اسلامیہ نے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن سے 8لاکھ روپے گرانٹ اور 8لاکھ روپے کا قرضہ لیا تھا۔رفاہ عامہ نے چار لاکھ پانچ ہزار روپے گرانٹ اور اتنا ہی قرضہ لیا۔الائیڈ سوشل ویلفیئر نے بھی چار لاکھ اسی ہزار روپے کی گرانٹ اور اتنا ہی قرضہ لیا تھا۔لیکن اب ادائیگی میں ناکام ہورہی ہیں۔جس پر پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے ان تینوں این جی اوز کے خلاف کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ کلیکٹر راولپنڈی(ڈپٹی کمشنر)کو مراسلہ بھجوایا ہے کہ رقم وصول کرائی جائے۔مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ان این جی اوز نے چودہ اقساط میں قرضہ کی رقم واپس کرنی تھی۔ڈیفالٹرز ہونےپر گرانٹ بھی قرضے میں تبدیل ہوجاتی ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے ان این جی اوز کے پراجیکٹس کیلئے ان کو مالی گرانٹ دی لیکن اب ان کی طرف سے ادائیگی نہیں ہورہی ہے۔
تازہ ترین