• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ،رہزن اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ،ایک اہلکار شہید

کوئٹہ ( نمائندہ جنگ)فقیر محمد روڈ پرراہزن اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید اور راہگیر بچے سمیت دو اہلکار شدید زخمی ہو گئےجبکہ راہزن زخمی حالت میں فائرنگ کرتا ہوا پیدل فرار ہو گیا ،واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی نےسرچ آپریشن کرتے ہوئےایک درجن سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔فائرنگ کے دو دیگرواقعات میں چمن کے خزانہ افسر سمیت دو افراد زخمی ہو گئے پولیس کے مطابق فقیر محمد روڈ اور ملحقہ علاقوں میں خواتین سے پر س چھیننے کے واقعات کی شکایات موصول ہو رہی تھیں جس کی روک تھام کیلئےایس ایچ او انڈسٹریل عابد بخاری نے منصوبہ بندی کے تحت شہباز موٹرسائیکل سواروںکو پرائیویٹ گاڑیوں میں گشت پر مامور کر دیا جمعہ کی صبح ہیڈ کانسٹیبل عمران خان ٗ کانسٹیبل محمد رضا اور کانسٹیبل علی محمد گاڑی میں فقیر محمد روڈ کے علاقے گلبرگ اسٹریٹ میں گشت کر رہے تھے کہ ایک راہزن نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی مگرگاڑی میں پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے لگا فائرنگ سے تینوں جوان اور ایک راہگیر بچہ مزمل شدید زخمی ہو گئے جوانوں نے زخمی حالت میں جوابی فائرنگ کی جس کےنتیجے میں راہزن بھی زخمی ہو گیا تاہم وہ فائرنگ کرتے ہوئے پیدل ہی فرار ہو گیا اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں ہسپتال پہنچایا جہاں کانسٹیبل علی محمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا قائمقام انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد ایوب قریشی ، ریجنل پولیس آفیسر وڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس عبدالرزاق چیمہ سمیت دیگر پولیس افسران نے جائے وقوعہ معائنہ کیا اور سول ہسپتال کے ٹراما سنٹر میں زیر علاج زخمی اہلکاروں اور بچے کی عیادت کی ہسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد لاش پولیس لائن لے جائی گئی جہاں نماز جنازہ ادا کی گئی ،جس میں آئی جی محمد ایوب قریشی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی بعد ازاں میت آبائی علاقے ڈیرہ غازی خان روانہ کر دی گئی ۔جبکہ واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے ایک درجن سے زائدمشکوک افراد کو حراست میں لے لیا،درایں اثناء پولیس کے مطابق علمدار روڈ کے علاقے پیر محمد روڈ کا رہائشی گورنمنٹ ہائی اسکول قائدآباد کا چو کیدار عجب خان جمعہ کی صبح گھر سے سائیکل پر ڈیوٹی کیلئے اسکول جا رہا تھا سرائے نمک کے قریب دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار اس پر فائرنگ کرکے فرار ہو گئے جس کے نتیجے وہ زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے سول ہسپتال پہنچایا گیا جبکہ اے ون سٹی کا رہائشی چمن کا خزانہ افسر کاظم ایوب اپنے دوست کے گھر سے جمعہ کی صبح واپس جا رہا تھا، ہنہ بائی پاس پر نامعلوم افرادنے فائرنگ کر کےاسے زخمی کر دیا اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو سول اسپتال پہنچایا۔
تازہ ترین