لاہور(جنگ نیوز/آئی این پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ جب آپ ملک میں چین پاکستان اقتصادی راہداری جیسے منصوبے لائینگے تو باہر والے پاکستان میں آپریٹر بھی تلاش کرینگے، عمران خان اور شیخ رشید جمہوریت دشمنوں کی کٹھ پتلیاں ہیں، سیاستدانوں کو چور بتایا جارہا ہے، اب فیصلے بند کمروں میں نہیں ہونگے، امریکا انسان دوست نہیں بلکہ انسان دشمن ملک ہے اور پاکستان خطے میں امریکی حکومتوں کی جانب سے پھیلائی گئی گندگی کو ہی صاف کر رہا ہے۔ لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کا ذمہ دار امریکا کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نے پاکستان، افغانستان اور عراق سمیت کئی ممالک میں گندگی پھیلائی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان اب امریکا کی جانب سے مزید ڈو مور کا مطالبہ نہیں سنے گا۔ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا ذکر کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے واضح کیا کہ ایک مرتبہ سی پیک پاکستان آجائے تو چین کے ساتھ پاکستان کی بڑھتی ہوئی قربت کی وجہ سے مغربی دنیا کو تکلیف ہوگی۔