• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کورٹ ریفرنسز میں شریف فیملی کو انصاف کی توقع نہیں ، رانا ثناء

Todays Print

لاہور( نامہ نگار ، این این آئی) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ نیب کورٹ میں شریف فیملی کیخلاف کیس میں انصاف کی توقع نہیں، میں چیف جسٹس آف پاکستان کے اس بیان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں جس میں انھوں نے انصاف کی فراہمی میں عجلت کوانصاف کے دفن ہونے کے مترادف قرار دیا ہے، چیف جسٹس کی یہ بات سو فیصد نہیں ہزار فیصد درست ہے۔

پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئےرانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا کہ نیب میں انتہائی عجلت میں میاں نواز شریف اور شریف فیملی پر ریفرنس چلائے جارہے ہیں اور 6ماہ کی تلوار نیب کورٹ پر لٹکی ہوئی ہے جس کی وجہ سے انصاف کے دفن ہونے کی توقع ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ چیف جسٹس آف پاکستا ن اس با ت کا ضرور نوٹس لیں گے اور کسی صورت میں بھی انصاف کو دفن نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ 70 سالوں میں اور خاص طور پر جب سے نیب آرڈ ننس معرض وجو د میں آیا ہے کوئی ریفرنس ایسا نہیں جس کی سماعت اتنی عجلت سے کی جا رہی ہو۔ انھوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ان ریفرنسز کو کو ئی قوت پیچھے سے دھکیل رہی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شیخ رشید ڈی جی آئی ایس پی آر کا ترجمان بنا ہوا ہے، شیخ رشید کو دو ٹوک الفاظ میں اس عمل سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیب پر 6ماہ کی تلوار لٹکی ہوئی ہے ،امید ہے چیف جسٹس آف پاکستان ضرور اس بات کا نوٹس لیں گے اور وہ انصاف کو دفن نہیں ہونے دینگے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج کے پیچھے پوری قوم کھڑی ہے کسی ایک شخص کی ضرورت نہیں، عمران خان نے سیاست کو گالم گلوچ بنادیا ہے۔

تازہ ترین