حیدرآباد میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکاری والدین پر جرمانےاور جیل کی سزائیں دینے کا اعلان کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انکاری والدین کو 1ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کا کہنا ہے کہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں۔
آج ملک میں انسداد پولیس مہم کا آغاز ہو گیا ہے، قومی انسداد پولیو مہم اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں چلائی جا رہی ہے۔ مہم کے دوران 2 کروڑ 4 لاکھ 42 ہزار سے زائد بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہو گی، پولیو مہم چاروں صوبوں کے 91 اضلاع کی 3786 یوسیز میں جاری ہے۔
پولیو مہم کے حوالے سے حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق ملک کے 77 اضلاع میں مکمل، 14 میں جزوی پولیو مہم شیڈول ہے اور مہم 2 مراحل میں مکمل ہو گی، قومی انسداد پولیو مہم کا پہلا مرحلہ 29 اپریل تا 5 مئی چلے گا اور اس دوران دوران 86 اضلاع کی 3549 یوسیز میں قطرے پلائے جائیں گے پہلے مرحلے میں کل 2 کروڑ 29 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ 2 تا 6 مئی چلے گا۔ دوسرے فیز میں 5 اضلاع کی 237 یوسیز میں 15 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن ہو گی۔
پولیو مہم کے دوران اسلام آباد کی 80 یوسیز میں 461125 بچوں کی ویکسینیشن ہو گی، بلوچستان کے 30 اضلاع میں 23 لاکھ 95 ہزار بچوں کی ویکسینیشن ہو گی۔
خیبرپختونخوا کے 26 اضلاع میں 44 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن ہوگی جبکہ پنجاب کے 10 اضلاع میں 91 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن ہو گی۔
پولیو ویکسینیشن کے دوران سندھ کے 24 اضلاع میں 79 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن ہو گی،مہم کے دوران 2 لاکھ 4107 فرنٹ لائن پولیو ورکرز ڈیوٹی دیں گے۔
پہلے مرحلے کی ذیلی پولیو مہم میں1 لاکھ 64 ہزار 385 پولیو ہیلتھ ورکرز ڈیوٹی دیں گے۔