• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر خان سے میری جان کو خطرہ ہے، ارم عظیم فاروقی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کی سابق خاتون رہنما اور رکن سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک سال قبل ہی ایم کیو ایم اور سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دے دیا تھا اب ایم کیو ایم کی جانب سے مجھے پارٹی سے خارج کرنے کا اعلان مضحکہ خیز ہے۔ میری جان کو ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان سے خطرہ ہے جس طرح نواز شریف کو اقامہ رکھنے کے الزام میں نااہل قرار دیا گیا اسی ایم کیو ایم کے کئی منتخب نمائندوں کے پاس بھی اقامہ ہے جس کا اعلی عدالتیں نوٹس لے کر انہیں نا اہل قرار دیں۔ منگل کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان میں دو گروپ کام کر رہے ہیں، انہوں نے مبینہ طور پر الزام لگایا کہ عامر خان، خواجہ اظہار الحسن، فیصل سبزواری ، سلمان مجاہد بلوچ، ایم کیوایم کی قیادت کے خلاف کام کررہے ہیں، ان لوگوں نے پارٹی کو پیسہ بنانے کی مشین بنالیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں فاروق ستار، کامران ٹیسوری، خواجہ سہیل، کشور زہرا، خوش بخت شجاعت، کنور نوید جمیل جیسے اچھے اور مخلص لوگ موجود ہیں جو قوم اور پارٹی کو بحران سے نکالنے کی کو شش کررہے ہیں۔ انہوں نے مئیر کراچی وسیم اخترپر بھی الزام لگایا کہ انہوں نے کراچی ترقیاتی پیکج سے ملنے والی چھ ارب روپے کی رقم کہاں استعمال کی اس کا حساب لیا جائے۔ ارم فاروقی نے فاروق ستار سے کہا کہ وہ پارٹی سے مخلص لوگوں کو خارج کرنے کے بجائے بدعنوان لوگوں کو بغیر کسی دبائو کے باہر کریں ، فی الحال سیاست میں نہیں آرہی ہوں، پی ٹی آئی کراچی کی قیادت پسند نہیں آئی، پی پی میں جانے کا ارادہ نہیں ،اس جماعت میں تو خواتین کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے مگر میں نےفیصلہ کیا ہے کہ کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہونگیں اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی این جی اوز کو فعال کر کے شہریوں کی خدمت کروں گی۔
تازہ ترین