لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت واضح طور پر عدلیہ کی بالادستی کو تسلیم کرے اور اپنے رویئے سے اس کا عملی ثبوت دے ۔ سپریم کورٹ کو کمزور کرنا ،دبائو میں لانااور دھمکیاں دینا ناقابل برداشت ہے ۔ حکمران معاشرے کو کیا پیغام دیناچاہتے ہیں ۔ آئین و قانون کی حکمرانی تسلیم کئے بغیر ملک نہیں چلتے ۔ جب افراد خود کو اداروں سے طاقتور اور قانون سے ماوریٰ سمجھنے لگیں تو عدل و انصاف کا پورا نظام زمین بوس ہو جاتاہے۔وہ کراچی کے صحافیوں کے ایک وفد سے منصورہ میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اداروں پر اعتماد کے اعلانات کرتی ہے مگر اس کا عمل اس کے برعکس ہے ۔ ختم نبوت کا حلف نکالنے والوں کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی سامنے نہیں آئی ، جس سے عوام عدم اطمینان کا شکار ہیں۔