کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مردان زئی یوتھ سوسائٹی بلوچستان کی جانب سے ضلع ژوب کی تحصیل کاکڑ خراسان میں زیر تعمیر ڈیمز میں مبینہ طور پر غیر معیاری میٹریل کے استعمال کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کردیا گیا،کیمپ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سردار زادہ سیف مردان زئی نے کہا کہ ضلع ژوب کی تحصیل کاکڑ خراسان کاشمار پسماندہ ترین علاقوں میں ہوتا ہے علاقے میں ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہیں،حکومت نے کاکڑ خراسان میں دو ڈیمز تعمیر کرنے کا اعلان کیا،جس کیلئے مبینہ طور پر 6 کروڑ روپے ایڈوانس میں ادا کردیئے گئے اور ایک ڈیم پر کام شروع ہوگیا ہے جس میں غیر معیاری میٹریل استعمال کیا جارہا ہے جس کی علاقے کے عوام کسی بھی صورت اجازت نہیں دیں گے،انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیمز کی تعمیر کیلئے ایڈوانس میں 6 کروڑ روپے جاری کرنے اور ڈیم میں مبینہ غیر معیاری میٹریل استعمال کرنے کا نوٹس لیکر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔