راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی نے غیرمعیاری اور ناقص دودھ فروخت کرنے والوں کیخلاف دوسرے روز بھی آپریشن جاری رکھا۔ اس دوران بعض کاروباری مراکز سربمہر‘ بعض کو جرمانہ کیا گیا جبکہ مضر صحت دودھ تلف کر دیا گیا۔ جمعرات کو ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر صائمہ شاہ کی ہدایت پر شعبہ فوڈ برانچ کے عملے نے کینٹ کے مختلف علاقوں میں کاروائی کے دوران 35ہزار روپیہ جرمانہ کیا۔ 22نمبر چونگی میں واقع کرن ڈیری کو ناقص دودھ کی فروخت پر سیل اور 5ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ تقریباً 120لٹر ناقص دودھ تلف کر دیا گیا۔ آراے بازار کے علاقہ میں بٹ ڈیری کو ناقص صفائی پر 5ہزار جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں عدنان نان سنٹر کو ناقص صفائی پر سیل اور 5ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ بسم اللہ فوڈ‘ پنڈی ہزارہ ہوٹل اور افضل ہوٹل کو غیرمعیاری‘ بغیر لائسنس اور میڈیکل نہ ہونے پر مجموعی طور پر 11ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ 11نمونے ٹیسٹ کیلئے لاہور لیبارٹری بھجوا دیئے گئے جبکہ 9کو نوٹس دیئے گئے۔