گوادر (نمائندہ جنگ) طویل انتظار کے بعد ادارہ ترقیات ( جی ڈی اے ) گوادر نے سید ہاشمی ایونیو ( ایئر پورٹ روڈ ) پر تعمیراتی کام کاآغاز کر دیا ہے یہ تعمیراتی کام جا وید کمپلیکس سے لیکر ملافاضل چوک تک جانے والی روڈ پر کیا جارہا ہے ۔ یاد رہے کہ منصوبہ کاافتتاح تقریباً چار سال قبل سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کیا تھا یہ منصوبہ 120ملین روپے کی لا گت سے مکمل کی جائے گی لیکن حائل مختلف رکاوٹو ں کے باعث منصوبہ پر عمل درآمد طویل عرصہ تک التواء کا شکار رہا ہے جس میں جا ئیداد کے معاوضوں کا تعین نہ کرنے سمیت دیگر رکاوٹیں درپیش تھیں اب جی ڈی اے نے کام شروع کر دیا ہے اور بتا یا گیا ہے کہ جہاں جہاں رکاوٹیں نہیں ہونگی روڈ کو پختہ کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ اب تک جائیداد کے معاوضوں کی ادائیگی کے لئے کسی بھی قسم کے نقصان کا تخمینہ یا تعین نہیں ہوسکا ہے جی ڈی اے اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو ذمہ دار قر اردے چکی ہے جبکہ تاجر برادری اور جائیداد مالکان کو تاحال معاوضوں کی ادائیگی کے بارے میں اطلاعات فراہم نہیں کی گئی ہیں اور نہ ہی اس حوالے سے ضابط کی کاروائی دیکھنے میں آئی ہے ۔ واضح رہے کہ سید ہاشمی ایونیو شہر کا تجارتی حب ہے روڈ بننے کی صورت میں بہت سے دکانیں اور دیگر املاک متاثر ہونگی۔