• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف نے پاکستان کا مقام بلند، دہشت گردی ختم کردی، کمیونٹی رہنما

کوونٹری (وقار ملک) سابق وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف نڈر، بے باک جمہوریت پسند اور قانون کی قدر کرنے والی شخصیت ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی زوجہ کی بیماری کے باوجود لندن سے پاکستان جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کمیونٹی شخصیات نے کیا۔ ممتاز کاروباری شخصیت محمد عاصم نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت پنپ رہی تھی، پاکستان کانام اور مقام بلند ہورہا تھا۔ دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کے دو بڑے مسائل سے نمٹنے میں میاں نوازشریف کی حکومت کامیاب ہوچکی تھی لیکن افسوس کہ وزیراعظم کو گھر بھجوا دیا گیا، ملک میں خوشحالی کے ہوتے ہوئے بھی الزام تراشی کا ایک سلسلہ شروع کردیا گیا۔ اگر وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کو کام کرنے دیا جاتا تو ملک ایشیا کا ٹائیگر بن چکا ہوتا لیکن افسوس کہ چند قوتوں اور چند مفاد پرست سیاسی پارٹیوں کو ملک کی ترقی پسند نہیں۔ اعجاز خان، صولت محمود حسین نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم پر پونے دو برس میں فرد جرم عائد نہ ہوسکی لیکن افسوس کہ عوام کے دل کے بادشاہ میاں نوازشریف کو کٹہرے میں کھڑا کرکے فرد جرم عائد کردی گئی جو عوام، پاکستان اور وزیراعظم کے ساتھ مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم انصاف چاہتی ہے۔ میاں نوازشریف نے خوشحالی کا ایک انقلاب برپا کردیا ہے جب کہ آمریت کے دور میں پاکستان میں لاتعداد مسائل پیدا ہوئے۔ چوہدری عامر خان، راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ عمران خان جلسوں میں طعنہ دیتے تھے کہ نوازشریف نے آئی ایم ایف سے قرضہ لیا ہے، میں خودکشی کرلوں گا اگر کبھی قرضہ لیا، میں کبھی قرضہ نہیں لوں گا مگر عمران خان نے پشاور میٹرو بس سروس کے لیے اربوں روپے کا قرضہ لے کر اپنی وکالت کرنے والوں کو شرمسار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کے علاوہ پانامہ میں 499افراد کے احتساب کی تمام درخواستیں مسترد کردی گئی ہیں۔ پاکستان کے عوام پاکستان میں انصاف کے متلاشی ہیں۔ اوورسیز پاکستانی ملک میں خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں، وہ پاکستان میں ترقی کا خواب پور اکرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کا نظام چلانے والی قوتیں پاکستان پر رحم کریں اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حالات ٹھیک کریں۔ میاں نوازشریف کو صرف اور صرف کٹہرے میں کھڑا کرنے سے معاملات خراب ہوں گے بلکہ پاکستان کی بدنامی ہوگی، میاں نوازشریف عوام کے دل پر راج کرتے ہیں۔
تازہ ترین