کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) ہزار گنجی میں ہزارہ ٹائون کے سبزی فروشوں کو بم سے نشانہ بنانے کی کوشش میں ایس ایچ او شالکوٹ کی گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم ایس کچرہ دان میں ریمورٹ کنٹرول بم نصب کر رکھا تھا پیر کی صبح ہزارہ ٹائون کے سو سے زائد سبزی فروش 16گاڑیوں میں پولیس اور ایف سی کے اسکواڈ میں جیسے ہی مارکیٹ میں داخل ہوئے تو بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا-
ایس ایچ او شالکوٹ مقبول احمد کی گاڑی دھماکے کی زد میں آنے سے گاڑی اور گیٹ کو نقصان پہنچا تاہم ایس ایچ او اور دیگر عملہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا دھماکے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مارکیٹ کو گھیرے میں لے لیا اطلاع ملنے پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہٗ ایس ایس پی آپریشن نصیب اللہ اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد طارق جواد بھی موقع پر پہنچ گئے اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے صحافیوں سے بات چیت کر تے ہوئے بتایا کہ بم ریمورٹ کنٹرول تھا جوکچرہ دان میں چھپایا گیا تھا بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بم ڈیڑھ سے دو کلو گرام وزنی تھا دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ہزارہ برادری کے لوگ بھی محفوظ ہیں انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں ہونیوالے دھماکے کے بعد سے شہر میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہےشہری اپنے ارد گرد مشکوک افراد اور اشیاء پر نظر رکھیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے عزائم خاک میں ملایا جا سکے ۔