وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں شدت پسندوں کے 99 فیصد ٹھکانے تباہ کر دیئے ہیں، اب پاکستان میں تیزی سے امن بحال ہو رہا ہے ،منشیات اور کلاشنکوف کلچر افغان جنگ کے نتیجے میں ہمیں ملا۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے کو آج بھی افغان جنگ کےباعث مسائل کاسامنا ہے، اسامہ بن لادن کو ہمارے اس وقت کےاتحادیوں نے متعارف کرایا تھا جب کہ ہمیں منشیات اور کلاشنکوف کلچر افغان جنگ کے نتیجے میں ملا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری شرح نمو بڑھ رہی ہے اور بجلی بحران پرکافی حد تک قابو پالیا گیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ کا تنازعات زدہ خطوں سے بڑا تعلق ہے، عالمی فریم ورک کی روشنی میں انسانی اسمگلنگ کےتدارک پرکام ہورہا ہے، انسانی اسمگلنگ کامسئلہ بیروزگاری کی وجہ سے پیدا ہوتاہے۔