• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرجیل میمن و دیگر کو 4 نومبر تک جیل بھیج دیا گیا

Sharjeel Memon Presented In Accountability Court

احتساب عدالت نے کرپشن کیس میں پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی شرجیل میمن اور دیگر کو 4 نومبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

شرجیل میمن کو  بکتربند میں سخت سیکورٹی انتظامات میں نیب کے دفتر سے احتساب عدالت لایا گیا۔

عدالت لانے سے قبل نیب دفتر میں شرجیل میمن کا میڈیکل بھی کیا گیا، جس میں انہیں مکمل فٹ قرار دیا گیا۔

آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کو کرپشن کیس میں کل سندھ ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتارکیا گیا تھا۔

پانچ ارب 77کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں سندھ کے سابق وزیر اطلاعات کی ضمانت منسوخ کردی گئی تھی۔

گرفتاری سے بچنے کے لیے شرجیل میمن 6 گھنٹے تک عدالت کے احاطے میں موجود رہےاور اس دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ ہوتا رہا۔

گرفتاری کے موقع پر شدید دھکم پیل کے باعث شرجیل میمن کی قمیص کے بٹن ٹوٹ گئے، 11 شریک ملزمان بھی عدالت کے باہر سے گرفتار کیے گئے ہیں۔

گزشتہ روز محکمہ اطلاعات سندھ میں 5 ارب 77 کروڑ روپے کی کرپشن کے کیس کی سماعت ہائیکورٹ میں ہوئی، عدالت نے شرجیل میمن سمیت 14 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیا تھا۔

ضمانت منسوخ ہونے پر شرجیل میمن اور سابق سیکریٹری اطلاعات سندھ ذوالفقار علی شلوانی سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

شرجیل میمن کی گرفتاری کے بعد نیب کی جانب سے ایک اعلامیہ بھی جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ شرجیل میمن سمیت دیگر 12 ملزمان پر 5 ارب 76 کروڑ سے زائد غبن کا الزام ہے اور ملزمان نے 2013 اور 2015 کے دوران غبن کیے۔

نیب اعلامیے کے مطابق ملزمان نے بلواسطہ یا بلاواسطہ اپنےمقاصد کے تحت فائدے اٹھائے۔

تازہ ترین