• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن تحقیقات،میٹرو ملتان کا تمام ریکارڈ کمشنر آفس منتقل

ملتان (نمائندہ جنگ) چیئرمین نیب کی طرف سے ملتان میٹرو بس منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کے فیصلے کے بعد میٹرو ملتان کا تمام ریکارڈ ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر سے کمشنر دفتر منتقل کر دیا گیا،نیب افسروں کا رات گئے تک اجلاس جاری رہا، ایک ٹیم ریکارڈ جمع کرتی رہی۔ذرائع کے مطابق میٹرو بس منصوبے کی کرپشن بارے ریکارڈ کمشنر دفتر سے حاصل کرے گا۔ واضح رہے کہ کمشنر ملتان ڈائریکٹر جنرل ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے طور پر کام بھی کر رہے ہیں۔ ایم ڈی اے ذرائع کے مطابق پیکیج تھری میں کرپشن بارے باتیں کی جا رہی ہیں ، پیکیج تھری کا مکمل تخمینہ لاگت پونے تین ارب روپے تھا جس میں سے اڑھائی ارب کی کرپشن کا شور مچایا گیا ۔ پیکیج تھری مچھلی منڈی سے چونگی نمبر 14 تک ہے ، پونے تین ارب روپے میں سے اڑھائی ارب روپے کرپشن کی نذر ہو جائیں تو صرف 25 کروڑ روپے میں اتنا بڑا پراجیکٹ تعمیر نہیں ہو سکتا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیکیج تھری میں کرپشن کی باتیں غلط ہیں ۔دوسری طرف نیب ملتان نے میٹرو بس منصوبے میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے پہلے مرحلے میں اکائونٹس آفس ملتان اور کمشنر آفس سے متعلقہ ریکارڈ طلب کرلیا ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز اکائونٹس آفس میں نیب کی ٹیم نے پہنچ کر سارا ریکارڈ شام گئے تک اکٹھا کیا اور جس کے کیلئےافسران کا ہنگامی اجلاس رات گئے تک جاری رہا اور کمشنر آفس میں بھی ریکارڈ اکٹھا کرنے کیلئے آفس انچارج نےآج تک کی مہلت طلب کر لی ہے۔
تازہ ترین