• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلیجی ریاستوں سے 6ماہ میں ایک لاکھ 17ہزارپاکستانی ملک بدر

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) ایوان بالا کو بتایا گیا کہ 1971ء سے 2017ء تک بیرون ملک روزگار کیلئے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد ایک کروڑ ایک لاکھ 30ہزار سے زائد ہے ، قائداعظم یونیورسٹی کو اس سال 400ملین روپے کے خسارے کا سامنا رہا، گزشتہ چھ ماہ کے دوران خلیجی ریاستوں سے ملک بدر کئے گئے پاکستانیوں کی تعداد 117352ہے ،سب سے زیادہ ایک لاکھ 13ہزارلوگ سعودی عرب سے نکالے گئے ۔ منگل کو سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران کریم خواجہ کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت اوورسیز پاکستانیز عبدالرحمٰن خان کانجو نے بتایا کہ2012ء سے ستمبر 2017ء کے دوران بیرون ملک روزگار کیلئے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد 41لاکھ 87ہزار 195 ہے‘سراج الحق کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ نےکہاکہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ میں 70فیصد کونسل میں کام کرنے والوں کو قواعد و ضوابط کے بغیر رکھا گیا تھا ، عثمان کاکڑکے ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ کوٹہ میں صوبوں اور قوموں کا خیال رکھنا چاہئے ،چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آئین میں کوٹہ نہیں ، احمد حسن کے سوال پر سائرہ افضل نے بتایا کہ ملک میں ایک لاکھ تھیلیسیمیا کے مریض ہیں ، عثمان کاکڑ کے سوال پربلیغ الرحمٰن نے بتایا کہ قائداعظم یونیورسٹی نے ستمبر 2017سے فیسوں میں دس فیصد اضافہ کر دیا ہے ، یہ اضافہ دو عوامل افراط زر کی شرح اور یونیورسٹی کے خسارہ کیلئے ضروری تھا ، اعظم سواتی کے سوال پر وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے بتایا کہ پی سی بی گورننگ بورڈ کے ممبران تنخواہ یا ماہانہ معاوضہ وصول کرنے کا استحقاق نہیں رکھتے ، فرحت بابر کے ضمنی سوال پر کہا کہ ان کے علاوہ اور کیا مراعات حاصل ہیں جس پر چیئرمین سینیٹ مسکرا دیئے اور کہا کہ یہ بہت مشکل سوال ہے ، اعظم سواتی کے سوال جواب میں بتایا کہ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان برمنگھم برطانیہ اور پاکستانی سفارتخانہ بیجنگ چین ایجوکیشن اتاشی کے حوالے سے معاملات کا تعلق وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ سے ہے، وہاں دو آسامیاں خالی ہیں ان پر تعیناتی زیر عمل ہے ، ضمنی سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ فارن آفس سے ہدایت ملی تھی کہ فارن اتاشی ختم کر دیئے جائیں، برمنگھم کے حوالے سے فائل وزیر اعظم آفس گئی ہے ، برمنگھم میں ملالہ یوسفزئی کے والد کی تقرری کی گئی تھی اس پوسٹ کو ختم کر دیا گیا ہے ، کلثوم پروین کے سوال پر سائرہ افضل نے بتایا کہ پی ایم ڈی سی نے نجی میڈیکل کالجز کو ٹیوشن فیشن اور ایڈمشن فیس بڑھانے کی اجازت نہیں دی ، احمد حسن کے سوال پر سائرہ افضل نے بتایا کہ 46 ہسپتال تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔
تازہ ترین