پاک چین سرحد سے شروع ہونے والی پاکستان موٹر ریلی کوئٹہ پہنچ گئی، 22گاڑیوں اور 34 موٹر سائیکلوں پر مشتمل ریلی کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
ریلی کے شرکاء کل اپنی آخری منزل گوادر کے لیے روانہ ہوں گے۔
پاک چین سرحدی علاقے درہ خنجراب تا گوادر جیپ موٹر ریلی براستہ ژوب کوئٹہ پہنچی تو اہل کوئٹہ نے اس کا پُرتپاک استقبال کیا،شرکا پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، استقبالیہ تقریب میں ڈھول کی تھاپ پر بلوچ پشتون علاقائی رقص پیش کیے گئے۔
وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹیاور میجر جنرل ندیم انجم نے ریلی کے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔
وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ ریلی ان دہشت گردوں کو کھلا جواب ہے جو یہاں اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں کہ وہ یہاں کے امن کو تباہ نہیں کر سکتے ہم مل کر ان کے اس عمل کو ناکام بنائیں گئے۔
امن کا پیغام لے کرآنے والی ریلی کے شرکا اوراُن کے استقبال کے لیے آئے بچے ، بڑے، نوجوان سبھی پُرجوش دکھائی دیے۔
خصوصاً ریلی میں شریک کراچی سے تعلق رکھنے والی خاتون موٹر سائیکلسٹ انتہائی پُرعزم اور خوش نظرآئیں۔
پاکستان آزادی موٹر ریلی کے انعقاد کا مقصد عالمی سطح پرپُرامن وخوشحال پاکستان کا پیغام اجاگر کرنا ہے، ریلی کل کوئٹہ سے صبح اپنی منزل گوادر کے لیے روانہ ہوگی۔