پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر اعتزاز احسن کا مریم نواز کے انداز سیاست کی تعریف کرتے ہوئے کہنا ہے کہ مریم نواز نے فرنٹ فٹ پر جارحانہ سیاست کی ہے، مریم نے ن لیگ کو کونے سے نکال کر ن لیگ کی سیاست کو آگے بڑھایا ہے،حکومت آج بھی نواز شریف کے نیچے کام کر رہی ہے۔
چوہدری اعتزاز احسن نے لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ن لیگ کی قیادت نواز شریف ہی کریں یہی بہتر ہے، پارٹی میں مائنس ون فارمولہ لانے والوں کو ناکامی ہونی چاہیے، انتخابات وقت پر ہوں گے، کوئی مداخلت یا ٹیکنوکریٹ حکومت نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت آج بھی نواز شریف کے نیچے کام کر رہی ہے، مریم نواز نے جارحانہ سیاست کی ہے اور فرنٹ فٹ پر کھیلا ہے، وہ مسلم لیگ ن کو ایک کونے سے نکال کر میدان میں لے آئی ہیں۔
اعتزاز احسن کہتے ہیں کہ انہیں مریم نواز کی سیاست سے اختلاف ہے، لیکن انہوں نے جو سیاست کی، وہ جارحانہ ہے اور اس کی ہی مسلم لیگ ن کو ضرورت تھی۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے لیے بہت بڑا امتحان ہے، نیب سندھ اور پنجاب میں الگ الگ طریقے سے کام کر رہی ہے، جب بھی نواز شریف آئیں، ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جانا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2018ء کے انتخابات وقت پر ہوں گے، ایک دو حلقوں میں ہارنے سے کچھ نہیں ہوتا، سارا پاکستان باقی ہے۔
سینیٹر اعتزاز احسن نے ایبٹ آباد اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹس بھی منظر عام پرلانے پر زور دیا ہے۔