کوئٹہ سے ایران جانے والی زائرین کی بس خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔
نوشکی میں ایف سی چیک پوسٹ پر پہنچتے ہی بس کے بریک فیل ہو گئے، ڈرائیور نے مہارت سے تیزرفتار بس کو کچے میں ڈالا، پیدل چلنے والوں کو بچایا، بس سڑک پر رکھے ڈرموں میں جاگھسی، بس میں پچاس سے زائد زائرین سوار تھے، سب محفوظ رہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے ایران جانے والی زائرین کی بس نوشکی میں خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی، 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والی بس کے ڈرائیور نے بریک فیل ہونے پر کمال محارت کا مظاہرہ کیا، بس میں بیٹھے زائرین کی زندگی بھی بچائی اور پیدل چلنے والوں کو بھی بچایا۔
پچاس سے زائد زائرین کو کوئٹہ سے ایران جانے والی مسافر بس ابھی نوشکی کی ایف سی چیک پوسٹ سے دور تھی کہ اس کا بریک فیل ہوگیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بریک فیل ہونے اور بس کی رفتار 100 کلو میٹر فی گھنٹہ ہونےکے باوجود ڈرائیور کتنی مہارت سے قطار میں کھڑی گاڑیوں سے ٹکرانے کے بجائے بس کو دوسری طرف نکالتا ہے۔
بس سڑک سے کچے میں اترتی ہوئی کھمبے سے ٹکراتی ہے، پھر دیگر گاڑیوں کو چیرتی، ٹکر مارتی اور پیدل چلنے والوں کو بچاتے ہوئے سڑک پر رکھے ڈرموں سے ٹکراکر رک جاتی ہے۔
لیویز حکام کے مطابق ڈرائیور کی مہارت کے باعث بڑا حادثہ رونما ہونے سے بچ گیا۔