• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسموگ نے پنجاب کو لپیٹ میں لے لیا ،ملتان میں کئی پروازیں منسوخ

ملتان (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں)اسموگ نے پنجاب کو لپیٹ میں لے لیا ،ملتان میں کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں، حد نگاہ 3میٹر کی سطح پر آنے سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہو ئی ،اسموگ کی وجہ سے شہری سانس ،گلے ،ناک اور آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا ، دوسری طرف فلٹر والے ماسک کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ،میلسی ،راجہ رام ،جہانیاں ، عبدالحکیم و دیگر علاقوں میں بھی شہری اسموگ سے شدید متاثر ہو گئے ملتان میں ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے دھواں دینے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے متعد د بند کر دیئے تفصیل کے مطابق ملتان سمیت پنجاب میں اسموگ کی شدت میں اضافہ ہو گیا ۔ حد نگاہ 3 میٹر کی سطح پر آگئی،شدید سموگ کی وجہ سے شاہراؤں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ، زہر یلے دھویں سے بچاؤ کے لیئے شہریوں کی بڑی تعداد نے حفاظتی تدابیر اختیار کر لیں اور فلٹر والے ماسک کا استعمال بڑھ گیا ۔۔بعض دکانداروں نے بھی اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ماسک کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کر دیا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے نواحی علاقوں میں عوام نے بچاؤ کے لیئے منہ کو کپڑوں سے لپیٹے رکھا ۔
تازہ ترین