پشاور(نیوز ڈیسک)ترکی میں او آئی سی اراکین اور مبصر ریاستوں میں ’’نوجوان خواتین کی قیادت اور انٹرپرائز‘‘ کے حوالے سے ایک ہفتہ کا پروگرام شروع ہو گیا جو 10 نومبر تک جاری ر ہے گا ۔ اقصٰی حسین اس پروگرام میں پاکستان کی نمائندگی کررہی ہیں ۔ اقصیٰ حسین 21 سالہ جوڈو کھلاڑی ہیں جن کو ترک حکومت نے اس پروگرام میں شرکت کیلئے منتخب کیا۔ وزارت انسانی حقوق کی سیکرٹری رابعہ جویری آغا نے آگاہ کیا کہ ہم نے وزارت خارجہ کی درخواست پر نوجوان خواتین کی شناخت کیلئے منصفانہ اور شفاف عمل اختیار کیا ‘ ترکی کی وزارت خاندان اور سماجی پالیسی نے اراکین اور مبصر ریاستوں کو مدعو کیا اور درخواست کی کہ 5 امیدواروں کو کامیابی سے ممکنہ قیادت سے نامزد کیا جائے۔ جو تعلیم ، میڈیا، سیاست فن، کھیلوں اور کاروباری شعبوں میں نمایاں خصوصیات کے حامل ہوں‘انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی محکموں کے تعاون سے نوجوان خواتین کی شناخت اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد تمام صوبوں سے چھ خواتین کے انتخاب کو حتمی شکل دی گئی اور وزارت خارجہ نے ان امیدواروں کے انٹرویو کے بعد معاملہ آگے بڑھایااور اقصٰی حسین کو ترک حکومت نے منتخب کیا انہوں نے اقصٰی حسین کی کامیابی اور خوش قسمتی کی امید ظاہر کی اور توقع ظاہر کی کہ کھیل کے میدان میں وزارت کے تعاون سے وہ کامیابی حاصل کریں گی ۔