حال ہی میں انکشاف ہوا ہے کہ نصف صدی قبل امریکا میں تھرمو نیوکلیئر وارہیڈ حادثاتی طور پر پھٹنے سے بال بال بچ گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق حادثہ جنوبی ڈکوٹا میںایک خفیہ مقام پر پیش آیا جہاں جوہری میزائل زیر زمین ذخیرہ کئے جاتے ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق میزائل میں دھماکا ایک سیکورٹی الارم کنٹرول باکس کی غلط مرمت کے باعث شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پیش آیا ۔
کہا جا رہا ہے کہ تھرمونیوکلیئروارہیڈ1945 میں ہیرو شیما اور ناگا سا میں استعمال ہونے والے دو جوہری ہتھیاروں سے کہیں زیادہ طاقتور اور خطرناک تھا۔
حادثے کے بارے میں تفصیلات جاری کرتے ہوئے ایئر فورس کی رپورٹ کے مطابق سیلو نامی یہ میزائل 80 فٹ گہرائی میں نصب تھا اور اس کا وزن65 ہزار پاؤنڈز بتایا گیا ہے۔ میزائل کی مرمت کے لئے دو افسران 80 فٹ کی گہرائی میں اترے۔دونوں ابھی مرمت میں مصروف تھے کہ میزائل میں شارٹ سرکٹ ہوا اور دونوں کی جان چلی گئی تاہم دونوں کے نام ظاہر نہیں کئے گئے۔
امریکی حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ امریکی جوہری ہتھیاروں کی تنصیبات کے دوران ایسے 32 حادثات پیش آچکے ہیں جبکہ مشہور تحقیقاتی صحافی ایرک شلوسر نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ امریکا میں ہونے والے ایسے حادثات کی اصل تعداد 1200 کے قریب ہے جو کہ 1950 سے 1968کے درمیان پیش آئے تھے۔