لندن (مرتضیٰ علی شاہ / ودود مشتاق) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کے ساتھ انصاف ہوتا نظر آنا چاہئے اور سابق وزیر اعظم کے خلاف مقدمے میں جو قومی احتساب بیورو کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں پاکستان کی عدلیہ کے کندھوں پر بھاری بوجھ ہے، ہیتھرو ایئر پورٹ پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عدالتیں اپنے رویئے اور عمل سے انصاف کرتی ہیں، اور اب اس کا انحصار عدالتوں پر ہے کہ وہ کس طرح انصاف کرتی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ شکوک ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ نواز شریف کو انصاف نہیں مل سکے گا کیونکہ جونیئر عدالتیں سپریم کورٹ کے زیر اثر ہیں ۔ شاہد خاقان عباسی جمعہ کی سہ پہر ’’ فیوچر آف پاکستان 2017 ‘‘ میں شرکت کیلئے لندن پہنچے تھے جہاں وہ پاکستان کے حوالے سے کلیدی خطاب کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے اور حکومت ملک کو درپیش مسائل کو حل کرلے گی، ’’فیوچر آف پاکستان 2017 ‘‘ پاکستان ڈیولپمنٹ سوسائٹی کی فلیگ شپ کانفرنس ہے، اس کا اہتمام سائوتھ ایشیاسینٹر اور لندن سکول آف اکنامکس کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔ کانفرنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایل ایس ای پاکستان ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے صدر عمر اظہر بھٹی نے کہا کہ اس ایونٹ کابنیادی مقصد طلبہ کو اعلیٰ پائے کے ماہر ین تعلیم، پالیسی سازوں اور پاکستان کے سینئر سیاستدانوں سے سوال و جواب کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سال یہ کانفرنس اس اعتبار سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے کہ اس میں پہلی مرتبہ پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ممتاز رہنمائوں کو ایک جگہ جمع کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے اقتصادی امور کے خصوصی معاون مفتاح اسماعیل اور سینیٹر عبدالقیوم جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن اور قمر زماں کائرہ کانفرنس میں اظہار خیال کریں گے۔