• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم محمدعلی جناح کی اکلوتی بیٹی دینا واڈیا گزشتہ روز98سال کی عمر میں امریکی شہر نیویارک میں انتقال کرگئیں۔ اپنے عظیم قائد سے محبت کرنے والا ہرپاکستانی ان کی موت پر دلی صدمہ محسوس کر رہا ہے اور ان کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ دینا قائد اعظم اور ان کی اہلیہ مریم (رتن بائی) کی واحد اولاد اور بہت ہی لاڈلی بیٹی تھیں۔ 15؍ اگست 1919کو پیدا ہوئیں ماں کے جلد انتقال کے باعث ان کی پرورش باپ اور پھوپھی محترمہ فاطمہ جناح کی ذمہ داری بن گئی انہوں نے دینا کو نہایت ناز و نعم سے پالا قائد کو اپنی بیٹی سے بہت محبت تھی اس والہانہ تعلق میں اس وقت دراڑ پڑ گئی جب دینا نے 17 سال کی ناپختہ عمر میں ایک پارسی نیوائل نسلی واڈیا سے باپ کی خواہش کے خلاف شادی کر لی۔ایک غیر مسلم سے شادی پر باپ کا دل ٹوٹ گیا۔ وہ دینا کو اس شادی سے نہ روک سکے۔ باپ نے کہا بھی کہ ہندوستان میں لاکھوں مسلمان لڑکے ہیں کسی سے بھی شادی کر لیتیں لیکن بیٹی نہ مانی اور شادی کے بعد قائد کیلئے بیٹی کی بجائے صرف مسز واڈیا بن کر رہ گئیں۔ تاہم وہ دینا کی فلاح سے کبھی غافل نہ رہے انہوں نے بمبئی کی جناح مینشن اپنی غیر شادی شدہ بہن کے نام کی تو دینا کیلئے ایک بینک میں نہایت معقول رقم جمع کرا دی تاکہ تاحیات اس کی آمدنی حاصل کرتی رہے، آزادی کے بعد دینا بھارت ہی میں رہ گئیں۔ وہ دو مرتبہ پاکستان آئیں۔ پہلی بار1948میں قائد اعظم کی وفات پر اور دوسری بار2004میں۔ اس مرتبہ انہوں نے قائد اعظم کے مقبرے پر بھی حاضری دی اور وزیٹرز بک میں لکھا ’’میرے لئے یہ بڑا اداس لمحہ ہے۔ خدا پاکستان کے بارے میں جناح کے خواب کو پورا کرے‘‘ دینا شکل و صورت میں ہو بہو اپنے عظیم باپ کی شبیہ تھیں، ان کی وفات سے قائد اعظم کی یہ زندہ شبیہ بھی دنیا سے رخصت ہو گئی اپنے پارسی شوہر مسٹر واڈیا سے ان کی نہ بن سکی اور دونوں میں طلاق ہو گئی جس کے کچھ عرصہ بعد وہ بمبئی سے نیویارک منتقل ہو گئیں۔ ان کے لواحقین میں ایک بیٹا، ایک بیٹی اور دو پوتے شامل ہیں۔

تازہ ترین