اسلام آباد(نمائندہ جنگ)چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پورے ملک کی طرح فاٹا کے عوام کو ان تمام آئینی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے اورفاٹا کو جلد از جلد قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔جمعہ کو فاٹا سے تعلق رکھنے والی ملک کی معروف سیاسی جماعتوں کے یوتھ ونگ کے نمائندوں کے19 رکنی وفد سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فاٹا کے مسائل کے حل کے حوالے سے ایوان بالاء نے پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جسکے چھ اجلاس منعقد ہوئے ۔کمیٹی کے ان اجلاسوں میں معروف سینئر سیاستدانوں ، وکلاء ، سول سوسائٹی ، صدر فاٹا جرنلسٹ یونین اور ریٹائرڈ بیورو کریسی کے نمائندوں کو بلا کر فاٹا کے مسائل اور انصرام کے حوالے سے تفصیلی بحث کی گئی۔پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی نے حکومت کی جانب سے فاٹا اصلاحات کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کی سفارشات کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا۔ملاقات میں سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز کے چیئرمین سینیٹر سجاد حسین طوری اور معروف سینئر اینکر سلیم صافی بھی شامل تھے۔