ملتان (نمائندہ جنگ ) ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی ،ایک ماہ میں چار مرتبہ ایک ہی مسافر نے ٹیک آف پوائنٹ پر شورمچایا ، چاروں بارجہاز واپس ،مسافر کو آف لوڈ کرنا پڑا، ایئر پورٹ سے واپس گھر جاتے ہی نئی ٹکٹ خرید لی ، معلوم ہوا ہے کہ جلال پور پیروالا کے نواحی علاقے بستی زہرا کے رہائشی آصف عبد اللہ جمعرات کے روزمدینہ جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز میں سوار ہوا، جہاز ٹیک آف پوائنٹ پر پہنچا تو آصف عبداللہ بے ہوش ہو گیا جس کی وجہ سے جہاز کو واپس آنا پڑا اور مسافر کو آف لوڈ کرکے نشتر ہسپتال پہنچا دیا گیا ، ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد گزشتہ روز مسافر آصف نےپانچویں بار پھر پی آئی اے کی مدینہ جانے والی پرواز کی ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جبکہ پی آئی اے انتظامیہ سابق ریکارڈ کے پیش نظر مسافر آصف کو ٹکٹ دینے سے گریزاں ہے ، معلوم ہوا ہے کہ مسافر آصف عبداللہ نے 16 اکتوبر کو جدہ جانے کے لئےپی آئی اے کا ٹکٹ حاصل کیا اور ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر امیگریشن کی مکمل کارروائی کے بعد جہاز میں سوار ہو گیا اور جب جہاز ٹیک آف پوائنٹ پر پہنچا تو مسافر آصف نے طبیعت خراب ہونے کا شور مچادیا جس پر پائلٹ نے اڑان نہ بھری اور جہاز کو واپس لےآیا اور مسافر آصف کو آف لوڈ کر دیا گیا ۔ ایک ہفتے کے بعد آصف عبداللہ نےپی آئی اے کے جہاز پر دوبارہ یہی کارروائی دہرائی ، یکم نومبر کو جہاز تیسری مرتبہ ٹیک آف پوائنٹ سے واپس آیا اور مسافر آصف کو آف لوڈ کردیا گیا ، تیسری بار کے واقعہ پر ایف آئی اے نے مسافر آصف کو اپنی تحویل میں لے لیا ، پوچھ گچھ اور میڈیکل چیک اپ کے بعد مسافر کو نفسیاتی مریض قرار دے کر گھر روانہ کر دیا گیا ، مسافر نے ایئر پورٹ سے نکلتے ہی نجی ایئر لائن سے مدینہ جانے والی پرواز کی ٹکٹ حاصل کر لی جبکہ جمعرات کے روز بھی نجی ایئر لائن کے جہاز میں ٹیک آف پوائنٹ پر مسافر آصف عبداللہ بے ہوش ہوگیا ، جہاز کو واپس لانا پڑا اور چوتھی بار مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا۔