کوئٹہ (پ ر) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلعی بیان میں محکمہ واسا کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی طرف سے کوئٹہ شہر میں بچھائے گئے پانی کے پائپ کو 3دہائی سے زیادہ ہوچکے ہیں۔جسکی وجہ سے پانی کے یہ پائپ زنگ آلود اور جگہ جگہ سے گل چکے ہیں۔جسکی وجہ سے کوئٹہ کے شہری آلودہ اور گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔یہ مسئلہ کوئٹہ شہر کے کئی علاقوں کی طرح مری آباد حلقہ نمبر 15کے رہائشیوں کے ساتھ بھی ہے جسکے کئی محلوں اور گلیوں کے لوگ آلودہ اور گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ اس سلسلے میں کئی مرتبہ محکمہ واسا کو درخواست کرکے پانی کے پائپوں کی مرمت اور تبدیلی کی بابت کہا گیاہے مگر واسا ہر مرتبہ نئے بہانے اور نئے جواز کو بنیاد بناکر کام کے سلسلے میں لیت و لعل کا مظاہرہ کررہاہے۔اگر محکمہ واسا اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے مسئلہ پر کوتاہی کے مرتکب ہورہے ہیں تو انکے خلاف قانونی کارروائی کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے۔بیان میں فوری طورپر پانی کے پائپوں کے تبادلے اور عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو اسکے خلاف سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔