کراچی(اسٹاف رپورٹر) چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شر کت کے لئے پاکستان کی ہاکی ٹیم اتوار کو کپتان محمد عرفان کی قیادت میں آسٹریلیا روانہ ہوگئی ، ٹیم میں پانچ نئے کھلاڑیوں کو آزمایا گیا ہے،ایونٹ میں پاکستان کو میزبان کے علاوہ نیوزی لینڈ اور جاپان کا سامنا ہوگا،روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹیم کے کپتان محمد عرفان نے کہا کہ یہ تجرباتی دورہ ہے جس میں کھلاڑیوں کو مضبوط ٹیموں کے ساتھ کھیل کر اپنی خامیوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی، اس ٹور نامنٹ سے ورلڈ کپ سے قبل ایشین گیمز اور کامن ویلتھ گیمز کی تیاری میںفائدہ ہوگا، نئے کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا مقصد آنے والے مستقبل کو بہتر بنانا ہے،کیمپ کمانڈنٹ اور قومی ہاکی ٹیم کے چیف کوچ ومنیجراولمپئین فرحت خان نے کہا کہ قومی ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، کیمپ میں کھلاڑیوں نے بھر پور محنت کی ہے، انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ میں تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل جیتنے والی پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کی خامیوں کو مدنظر رکھ کر کھلاڑیوں کی تربیت کی گئی ہے ، خاص طورپرپنالٹی کارنر کے شعبہ کو بہتر بنایا ہے، جبکہ فارورڈ اور دفاعی لائن میں مزید ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے کھلاڑیوں کوذہنی طور پر تیار کیا گیا ہے ، تاہم مسنگ کی خامی بدستور سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے،۔ فرحت خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کو بھی مزید بہتربنانے کی ضرورت ہےانہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے دو اہم کھلاڑی رضوان اور راشد بنگلا دیش ہی سے لیگ کھیلنے یورپ چلے گئے تھے ہمارا ہدف عالمی کپ ہے، اس کے لیے کھلاڑیوں کا بہترین کمبی نیشن تیار کیا جائے گا، امید ہے کہ ایونٹ میں بہترین کارکردگی پیش کریں گے۔ 16 رکنی پاکستان ہاکی ٹیم کی قیادت ایم عرفان سینئر کریں گے، عمر بھٹہ نائب کپتان کی زمہ داری ادا کریں گے، ٹیم میں خضر حیات ،شجیع احمد، بلال قادر، شان ارشاد اورحسن انور، امجد علی، ابوکرمحمود، عاطف مصدق، احمد شکیل بٹ، تصورعباس ، ارسلان قادر، عتیق ارشاد اوراعجاز احمد شامل ہیں،، پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ آٹھ نومبر کو میزبان ملک آسٹریلیا سے کھیلے گا۔