پشاور(نمائندہ جنگ)مردان میڈیکل کمپلیکس (ایم ایم سی) میں پہلی بار دماغ کی رسولی کے آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے جسکے بعد یہ صوبے کا چوتھا سرکاری ہسپتال ہے جہاں یہ سروسزدی جائیں گی، ہسپتال کے نیوروسرجری ڈیپارٹمنٹ میں اپنی نوعیت کی پہلی برین ٹیومر سرجری کے بعد مریض کو آئی سی یو میں داخل کردیا گیا، 2009میں قائم نیوروسرجری ڈیپارٹمنٹ ٹرین نیوروسرجن کی کمی کا شکارتھا، تاہم رواں سال ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز نے 4ماہر نیوروسرجن کی تعیناتی کی جن میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نعیم الحق بھی شامل ہیں،اس اقدام سے مردان اور ملحقہ اضلاع صوابی، بونیر، باجوڑ اورملاکنڈ کے مریض بھی مستفید ہوسکیں گے،دماغ کی رسولی کے آپریشن کو سب سے زیادہ مشکل اور حساس سرجیکل پروسیجرسمجھا جاتا ہے، سینئرنیوروسرجنز کے مطابق متعلقہ فیکلٹی صرف لیڈی ریڈنگ ہسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں موجود تھے،ڈاکٹر نعیم الحق اور انکی ٹیم نےگزشتہ ایک سال میں 200نیوروسرجری پروسیجرز کیے، ایل آرایچ کے ہیڈآف نیوروسرجری اینڈ ٹراما ڈیپارٹمنٹ پروفیسرڈاکٹر ممتازعلی خان نے مردان ہسپتال میں متعلقہ سروسز شروع کرنے میں تعاون فراہم کیا، ڈاکٹر نعیم الحق کے مطابق پہلی برین ٹیومر سرجری کامیاب رہی اور مریض آئی سی یو میں زیرعلاج ہے۔