کراچی (جنگ نیوز) ہاکی اولمپین اور سابق قومی گول کیپر احمد عالم کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کی آسٹریلیا میں ہونے والے چار ملکی ہاکی میں کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے ، ابتدائی دو میچوں میں ایک درجن گول کھانا افسوسناک ہے، ایسا لگتا ہے کہ دورہ آسڑیلیا کیلئے قومی ٹیم بغیر تیاری کے گئی ہے ۔ جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں میزبان سید یحییٰ حسینی کو انٹرویو دیتے ہوئے احمد عالم نے کہا کہ ماضی میں جب ہم نے ہاکی فیڈریشن سے پرانے کھلاڑیوں کو مانگا تو ہمیں انکار کردیا گیا تھا، ہم قومی ہاکی ٹیم کی بہتری کیلئے ہی کام کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان ٹیم کو درست سمت پر ڈالنے کے لیے کام کرنا چاہتے تھے لیکن ہمیں موقع نہیں دیا گیا۔ احمد عالم کا مزید کہنا تھا کہ فیڈریشن کے پیسے پاکستان ٹیم کی بجائے آفیشلز کے سیر سپاٹوں پر خرچ ہو رہے ہیں ، جس میں فیڈریشن کے خر چے پر آدھے درجن سابق اولمپینز آسٹریلیا میں سیر سپاٹے کر رہے ہیں ۔ ہاکی فیڈریشن کو پیسے کھلاڑیوں اور کھیل پر خرچ کر نے چاہئیں ، شہباز سینئر کی موجودگی میں ہاکی کی ترقی مشکل ہے ۔ احمد عالم نے بتایا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہم نے بھی ٹیم کھلائی ، کارکردگی اتنی بری نہیں تھی، ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنا ہمارا ہدف تھا، ہماری مینجمنٹ نے قومی ہاکی ٹیم کو ملائیشیا میں ایشین چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کھلوایا، دورہ نیوزی لینڈ کے 5 میچوں میں ہماری ٹیم 2 میچ جیتی صرف ایک ہاری، دورہ آسٹریلیا میں ہماری ٹیم 4 میچ ہاری لیکن ہم نے گول بھی کئے، ورلڈ ہاکی لیگ میں ہم 5 میچ ہارے ،لیکن اصل ہدف ورلڈ کپ کوالیفائی تھا، جو ہم نے کیا۔