• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ہاکی آسٹریلیا میں دم توڑ گئی، چا ر قومی ٹورنامنٹ میں چوتھی پوزیشن،ملک بھر میں غصہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بے بسی کی تصویر بنی ہوئی پاکستان ہاکی آسٹریلیا میں دم توڑ گئی۔ ٹیم اپنی تاریخ کے انتہائی تاریک دور میں داخل ہوگئی، اتوار کو میلبورن میں قومی ہاکی جس انداز میں رسواء ہوئی اس پر پورے ملک میں سخت برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے، پاکستانی ٹیم ایشیا کی کم زور حریف جاپان کے ہاتھوں ایونٹ میں مسلسل دوسری شکست سے دوچار ہوگئی، چار قومی ہاکی ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن بھی اس کا مقدر نہ بن سکی، آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 2-1سے ہراکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے جیک ویٹون اور بلیک گوورز نے گول اسکور کئے، نیوزی لینڈ کا گول جارجمیور نے بنایا، جاپان کے خلاف میچ میں ناکامی کے بعد پاکستان ٹیم چار ٹیموں میں آخری پوزیشن پر آئی، قومی ٹیم نے ایونٹ میں مسلسل چوتھی اور جاپان سے دوسری شکست کھائی ۔گرین شرٹس سائیڈ نے گول کرنے کے متعدد مواقع ضائع کئے ۔ ایونٹ میں پاکستان کو میزبان آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ سے ایک ایک جبکہ جاپان سے دو میچوں میں شکست کا سامنا رہا ۔ پاکستان کے خلاف 4 میچوں میں مجموعی طور پر 17 گولز ہوئے اور اس نے حریف ٹیموں کے خلاف صرف 4 گول بنائے۔ جاپان کے خلاف میچ میں پاکستان نے13 ویں منٹ میں اعجاز حمد کے گول سے برتری حاصل کی جو ایک منٹ میں ہیجاپان کے کینتا تاناکا نے اتار دی،کھیل کے57ویں منٹ میں کازومامراتا نے اپنی ٹیم کا فیصلہ کن گول پنالٹی کارنر پر اسکور کیا۔ پاکستان ٹیم کے کپتان محمد عرفان نے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے جبکہ ہیڈ کوچ فرحت خان کا کہنا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر حیرت زدہ ہیں، انہوں نے کہا کہ تجربے اور فٹنس کی کمی نے شکست پر مجبور کیا۔ دریں اثنا چار قومی ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی شرم ناک کار کردگی پرشائقین ہاکی نے شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ کھلاڑی اور مینجمنٹ کے لوگ صرف سیر سپاٹے کے لئے آسٹریلیا گئے ہوئے ہیں۔ ایونٹ میں بدترین شکست کے باوجود ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں یا مینجمنٹ کے ذمہ داران کو ان کے عہدے سے برطرف کیا جائے، شائقین کا کہنا ہے ایک وفاقی وزیر سے فیڈریشن کے اہم عہدے دار کی رشتے داری کے باعث حکمران جماعت فیڈریشن میں تبدیلی سے گریزاں ہے اسے کھیل میں بہتری کے بجائے اس کی تنزلی پسند ہے، شائقین نے پی ایچ ایف میں سابق کپتان سمیع اللہ، منظور جونیئر، اور شہناز شیخ جیسے نامور کھلاڑیوں کو لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
تازہ ترین