کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وزیرا عظم کی سندھ کے عوام کے لوگوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے خصوصی ہدایات کی ہے جیسے ان کا معیار زندگی بلندہواور ان میں محرومی کے احساس کا خاتمہ ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ اور سجاول کے 100سے زیادہ دیہات کو قدرتی گیس کی فراہمی کے ابتدائی کاموں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور ایس ایس جی سی تقریباً 400 کلومیٹر نیٹ ورک پر مبنی متعدددیہات کو گیس کی تقسیم کو اولین اہمیت دے رہی ہے۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سید ایاز علی شاہ شیرازی اور ممبر صوبائی اسمبلی سید اعجاز علی شاہ شیرازی، شفقت شاہ شیرازی ، کھیئلداس کوہستانی اور دیگر سیاسی سماجی شخصیات بھی موجود تھے۔ گورنر نے ٹھٹھہ ، سجاول اور ان سے ملحقہ ٹاؤنز اوردیہات کو لوگوں کیلئے ایس ایس جی سی کی خدمات کو سراہا۔گورنر سند ھ نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی اور ٹھٹھہ ، مکلی اور سجاول کی تین مختلف لوکیشنز میں گیس کی تقسیم کے منصوبوں کے ابتدائی کام کا افتتاح کیا۔گورنر کے ہمراہ ایس ایس جی سی مینجمنٹ بشمول سعید لاڑک، اے ایس جی ایم (ڈسٹری بیوشن۔نارتھ)، عبدالوحید جمانی ، جی ایم (ڈسٹری بیوشن ۔لوئرسندھ)، عبدالرشید لغاری، آر ایم (حیدرآباد) اور عوامی نمائندے اور ٹھٹھہ اور سجاول کے عمائدین بھی موجودتھے۔